وراٹ نے بنائی 20 ویں سنچری، بنایا سب سے تیز 16000 رنزکا ریکارڈ

نئی دہلی/ ہندستانی رن مشین وراٹ کوہلی نے آج 20 ویں سنچری بنانے کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 5000 رنز مکمل کر لیے ہیں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے سب سے تیز 16000 بین الاقوامی رن پورے کرنے کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے ۔ ہندستانی کپتان وراٹ نے یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن اپنا 25 واں رن مکمل کرنے کے ساتھ ہی 63 میچوں میں 5000 رن پورے کر لیے ۔وہ سب سے تیز 5000 رن پورے کرنے والے چوتھے ہندستانی بلے باز بنے ہیں۔انہوں نے چائے کے وقفہ کے بعد اپنی سنچری مکمل کی جو ان کے ٹیسٹ کرکٹ میں 20 ویں سنچری ہے ۔ عظیم اوپنر سنیل گواسکر نے 5000 رن پورے کرنے کے لیے 95 اننگز، وریندر سہواگ نے 99 اننگز اور سچن تندولکر نے 103 اننگز کھیلی تھیں جبکہ وراٹ 105 اننگز میں اس مقام پر پہنچے ہیں۔ وراٹ 5000 رن پورے کرنے والے 11 ویں ہندستانی بلے باز بنے ہیں۔ان سے پہلے یہ کامیابی سچن، راہل دراوڑ، گواسکر، وی وی ایس لکشمن، سورو گنگولی، محمد اظہرالدین، سہواگ، گنڈپا وشوناتھ، دلیپ وینگسرکر اور کپل دیو کو حاصل تھی۔