جموں //گورنر کے صلاحکار کے وجے کمار نے انڈور سپورٹس کمپلیکس نگروٹہ کا دورہ کر کے وہاں تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے اس اہم پروجیکٹ میں حائل اڑچنوں کا بھی جائیزہ لیا ۔ اُن کے ہمراہ صوبائی کمشنر جموں ، ڈی سی جموں ، وی سی جے ڈی اے اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ڈی جی بھی تھے ۔ صلاحکار کو جانکاری دی گئی کہ یہ کام جے کے پی سی سی کو 6 کروڑ 49 لاکھ روپے کی لاگت سے سونپا گیا ہے ۔ صلاحکار نے مذکورہ جگہ کا دورہ کر کے اُس اراضی کا معائینہ کیا جو اس پروجیکٹ کیلئے فراہم کی گئی تھی ۔ انہیں بتایا گیا کہ مذکورہ محکمہ کی طرف سے کھیل کود سے متعلق سہولیات کیلئے 34 کنال اراضی حاصل کی گئی ہے جو محکمہ کی ضروریات کے مطابق کم ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ اراضی کو متعلقہ محکمہ کو منتقل نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وی سی کو اراضی کی منتقلی کے عمل کا جائیزہ لینے کیلئے کہا ۔ اس موقعہ پر متصل 20 کنال اراضی کو محکمہ کو منتقل کرانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ صلاحکار نے ڈپٹی کمشنر کو اراضی کی منتقلی کے معاملے کا جائیزہ لینے کی ہدایت دی ۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے صلاحکار نے کہا کہ پروجیکٹوں کی تکمیل میں حائل اڑچنوں کو دور کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو اراضی کی منتقلی کے معاملے کا فوری نمٹارہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے بعد میں یوتھ ہوسٹل نگروٹہ کا دورہ کر کے 64 ویں نیشنل سکول گیمز فُٹ بال ٹورنامنٹ کی شرکاء ٹیموں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو کھلاڑیوں کو تمام سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔ صلاحکار نے جاری این سی سی کیمپ کا دورہ کر کے وہاں یومِ جمہوریہ کی نئی دہلی میں ہونے والی تقریب کیلئے منتخب دستے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے مذکورہ دستے کو نیک خواہشات پیش کیں۔