گاندربل//گاندربل کے وارپورہ علاقہ میں مقامی لوگوں نے ایک نقب زن کو رنگے ہاتھوں دبوچا اور پولیس کے حوالے کردیا۔اتوار کو دن کے بارہ بجے وار پورہ گاندربل میں اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب طارق احمد شیخ ولد مرحوم غلام محمد کے خالی مکان میں مشتبہ شخص دیوار پھلاندکر داخل ہوا۔اس موقع پر کسی پڑوسی نے طارق احمد شیخ سے رابطہ کیا جو اپنے پورے کنبہ کے ہمراہ دودرہامہ گیا ہوا تھا۔اس موقع پر مقامی افراد جمع ہوگئے اور دیکھا کہ نقب زن کھڑکی سے گھر میں داخل ہوا اور کمروں کی تلاشی لے رہا تھا۔انہوں نے مکان کو گھیرے میں لے لیا اورنقب زن نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر مقامی لوگوں نے اس کا پیچھا کیا اور آخر کار اس کو دبوچ لیا اور پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ پولیس نے تصدیق کی کہ وار پورہ میں مقامی لوگوں نے مشتبہ شخص کو پکڑ کر اُن کی تحویل میں دے دیا ہے۔