عارف بلوچ
اننت ناگ//واسک ناگ پیر پنچال دامنِ تلے واقع وادی کنڈ کولگام کا سیاحتی مقام جو قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔وادی کنڈ کا علاقہ زیادہ تر خشک پہاڑی اور صحرائی علاقوں پر مشتمل ہے لیکن ان کے درمیان متعدد ایسے مقامات ہیں جو خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ان ہی مقامات میں سے ایک خوبصورت تفریحی مقام واسک ناگ بھی شامل ہے جسے دیکھنے والے لوگ چھپی ہوئی جنت سے بھی تشبیہ دیتے ہیں۔ کولگام سے محض 30 کلومیٹر کی دوری پر واقع واسک ناگ وادی کنڈ کا سیاحتی مقام سیاحتی نقشے سے اوجھل ہے۔ واسک ناگ خوبصورت جگہ ہونے کے باوجود بھی حکومت نے اس حسین وادی کو سیاحتی نقشے میں شامل نہیں کیا۔ مقامی شہری عبدا لرحمان تانترے نے بتایاکشمیر کی آدھی سے زیادہ آبادی کی معشیت سیاحتی شعبے پر ہی منحصر کرتی ہے۔لیکن وادی کنڈ خوبصورت ہونے کے باوجود بھی سیاحتی مقام کا درجہ حاصل کرنے کے لئے حکومت کی نظروں سے اوجھل ہے۔اگر اس خوبصورت جگہ کو سیاحتی مقامات میں شامل کیا جاتا تو اس علاقے کے لوگوں کے لئے بھی کئی طرح کے روزگار وسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔یہ علاقہ قدرتی حسن میں کسی اور تفریحی مقام سے کم نہیں مگر ابھی تک یہاں حکومت یا نجی شعبے کی جانب سے قیام اور طعام کی سہولیات زیادہ نہیں ہے۔واسک ناگ کا راستہ دشوار اور سفر مشکل ہے مگر اس کے قدرتی حسن کو دیکھ کر انسان فوراً ان مشکلات کو بھول جاتا ہے۔یہ علاقہ نا صرف خوبصورت ہے بلکہ وہاں پرکشش آبشاریں ہر وقت گن گناتی ہیں۔جو سیاح یہاں آتے ہیں وہ اسے ایک منفرد جگہ قرار دیتے ہیں۔