محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال+کشتواڑ// ہفتے کی صبح صوبہ جموں کے باقی علاقوں کی طرح وادی چناب کے ڈوڈہ ،کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں بھی نماز عید الاضحی کے سینکڑوں اجتماعات منعقد ہوئے اور خوشگوار موسم میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید ادا کی اور نماز عید کے فوراً بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا فریضہ انجام دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
رام بن
پہاڑی ضلع رام بن کے شہر و دیہات میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید ادا کی اور ضلع رام بن میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ بانہال میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید میں شرکت کی جبکہ رام بن کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ رام بن میں منعقد ہوا ۔اس کے علاوہ بانہال کے نوگام ، ٹھٹھاڑ ،گنڈ ٹھٹھاڑ، چریل ، لامبر ، عشر ، کسکوٹ ، ڈولیگام ، پھاگو ، زیارت دستگیر صاحب کراواہ ، کھڑی آڑپنچلہ، مہو منگت ، ترگام ، رامسو نیل ، چملواس، اُکڑال پوگل پرستان ، سینابتی، کنڈہ ، رام بن ، میترا، چندروگ ، جامع مسجد کرول ،گول سنگلدان ، جامع مسجد چندرکوٹ ، امام باڑہ چندرکوٹ ، بٹوت اور راج گڑھ کے عیدگاہوں اور جامع مساجد میں ہزاروں لوگوں نے نماز عید ادا کی اور امام مرکزی جامع مسجد بانہال مولانا نظیر احمد وانی نے نماز کی پیشوائی کی ۔ ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین اور سابقہ ممبر اسمبلی وقار رسول نے عید گاہ بانہال میں جبکہ ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے جامع مسجد میتراہ میں نماز عید ادا کی
ڈوڈہ
ضلع ڈوڈہ کے علاقوں میں نماز عید کے سینکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ہیں اور نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ ڈوڈہ میں منعقد ہوا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے امام و خطیب خالد نجیب سہرودی کی پیشوائی میں نمازِ عید ادا کی ۔ ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویژن بھدرواہ، بھالا ، پرانو ، ٹھاٹھری، کاہرہ، گندو، چنگا ، بھلیس ، اخیارپور بونجواہ ، فرقان آباد گھٹ ، ببور ، ادیان پور ، بگلا بھرت ،گندنہ ، کاستی گڑھ ، دیسہ ، مرمت ، عسر اور جٹھی کے عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے بھاری اجتماعات منعقد ہوئے ۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ کے شہر و گام میں نماز عید کی بڑی بڑی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور ضلع کشتواڑ میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ چوگان میں منعقد ہوا جہاں چالیس ہزار کے قریب فرزندان توحید نے نماز ادا کی اور خطبہ درود و دعا کے بعد حسب سابقہ پرچم اسلامی کو سلامی دی گئی۔ قصبہ کشتواڑ کے ہزاروں لوگوں نے زیارت فریدیہ اور زیارت اسراریہ رحمتہ اللہ علیہ میں حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی۔ ضلع کشتواڑ کے چھاترو ، چنگام ، آٹھولی کِجائی ، پاڈر چیھیچھا، سروڑ سرتھل بونجواہ کیشوان ٹھکرایا سگدی، مغلمیدان پلماڑ ، دچھن ، مرکزی جامع مسجد انشن ، آفتی ، مرگی گمبری ، برائین ، سکھنی ، رکنواس، عیدگاہ نواپاچی مڑواہ ، عید گاہ یوردو ، آستان گام ، قدرنہ ، رنئی ،میٹھ ون ، دھیرنہ اور تیلر وغیرہ کے دیہات میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ہیں۔کشتواڑ میںحفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔عیدگاہ و اسکے گرنواح کے علاقہ جات میں پولیس وسیکورٹی فورسز کی بڑی نفری کو تعینات کیاگیاتھا تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ امسال بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے قربانی اداکی اور جانوروں کو قربان کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار، ایس ایس پی کشتواڑ و دیگر ضلع و پولیس افسران بھی عیدگاہ میں موجود رہے جنھوں نے لوگوں کو عیدکی مبارکبادپیش کی۔واڑون میں نماز عید کے بیشتر اجتماعات میں جہاں ملک میں امن وامان اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں وہیں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یکم جون کو ہوئی تازہ برفباری سے واڑون تحصیل میں ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں روانہ کریں اور علاقے میں بے موسم برفباری کیوجہ سے فصلوں ، ثمردار درختوں اور خانہ بدوشوں کے مال مویشیوں کو ہوئے شدید نقصانات کا معاوضہ ادا کیا جائے ۔پوری وادی چناب میں نماز عید کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس اور سول انتظامیہ کے حکام نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر موجود لوگوں کو مبارکباد پیش کر رہے تھے ۔