عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//کشمیر میں رام نومی کے موقع پر کشمیری پنڈت برادری نے مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ تقریبات کا اہتمام کیا، جہاں مختلف مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ ہوئے۔ عقیدت مندوں نے خطے میں امن، بھائی چارے اور خوشحالی کیلئے خصوصی پرارتھنائیں کی۔اس سلسلے کی سب سے نمایاں تقریب سرینگر میں نکالی گئی روایتی شوبھا یاترا رہی، جس میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ رنگ برنگے روایتی لباس میں ملبوس بچوں کی شرکت نے یاترا کو مزید دلکش بنا دیا، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے بیچ یہ جلوس پْرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر بربرشاہ کے رام مندر، درگا ناگ مندر، حبہ کدل کے کتھلیشور مندر اور ہنومان مندر ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ سمیت دیگر مذہبی مقامات پر بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، جہاں عقیدت مندوں نے بھجن گائے اور اجتماعی پرارتھنا کی۔ مرکزی کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی مندر میں بھی رام نومی کے موقع پر غیر معمولی ماحول دیکھنے کو ملا۔ سینکڑوں عقیدت مندوں نے یہاں حاضری دی ۔ مندر کو خوبصورتی سے پھولوں اور روایتی سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا تھا، جبکہ فضا بھجنوں اور مذہبی نعروں سے گونجتی رہی۔
شر دھالوئوں نے چشمے پر چراغ روشن کیے اور کھیر، پھولوں اور اگربتیاں پیش کیں، جو کشمیری ہندو عقیدے میں خاص مذہبی اہمیت رکھتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے سیکیورٹی اور طبی امداد سمیت تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے، جس کے باعث تقریبات خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئیں۔ہندواڑہ میں واقع ماتا بدرکالی مندر میں بھی رام نومی کی تقریبات نہایت عقیدت سے منائی گئیں، جہاں بھجن خوانی، کنیا پوجن اور دیگر مذہبی رسومات ادا کی گئیں۔