عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سونمرگ نے ایک سرکیولرجاری کیا ہے جس میں نیشنل گرین ٹربیونل کی ہدایات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قوانین کی سختی سے تعمیل کو اپنے دائرہ اختیار میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔سابقہ خط و کتابت اور این جی ٹی کی ہدایات کے تسلسل میں جاری کردہ سرکیولرمیں کہا گیا ہے کہ میونسپل سالڈ ویسٹ کو غلط طریقے سے پھینکنا، سڑکوں، کھلی جگہوں، آبی ذخائر اور سیاحتی مقامات پر گندگی کو ٹھکانے نہ لگانا ماحولیاتی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ رولز اور اینوائرن ایکٹ شامل ہیں۔تمام ہوٹل مالکان، گیسٹ ہاس مالکان، ریسٹورنٹ آپریٹرز، دکاندار، دیہاتی، ٹٹو مالکان، ٹینٹ آپریٹرز، ٹور آپریٹرز، آئوٹ سورس ایجنسیوں اور لائن ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیلے، خشک، گھریلو مضر اور سینیٹری کچرے کو منبع پر چار طرفہ علیحدہ کرنے کو یقینی بنائیں۔ کچرے کی آمیزش پر سختی سے پابندی لگا دی گئی ہے۔
یہ حکم سڑکوں کے کنارے، نالوں، جنگلات، دریا کے کناروں اور عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر پابندی لگاتا ہے۔ ٹھوس یا پلاسٹک کے کچرے کو جلانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الگ کیے گئے کچرے کو صرف سربل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ تک پہنچانے کے لیے مجاز ایجنسی کے حوالے کریں۔ کسی بھی غیر مجاز جگہ پر ٹھکانے لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔سرکیولرمیںمزید ہدایت کی گئی ہے کہ احاطے کے اندر اور باہر مناسب ڈھانپے ہوئے ڈسٹ بن کی تنصیب کی جائے اور ممنوعہ واحد استعمال شدہ پلاسٹک اشیا کے ذخیرہ اور تقسیم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی اور نفاذ کی مہم چلائی جائے گی۔متنبہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا خلاف ورزی متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی دعوت دے گی۔