سرینگر//وزیر اعظم ہند کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز میٹنگ کے سلسلے میںنیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سربراہی میں چوتھے روز بھی پارٹی میٹنگیں ہوئیں۔بدھ کے روز صوبہ جموں سے وابستہ لیڈران کیساتھ بات چیت ہوئی۔اجلاس میں دیوندر سنگھ رانا، خالد نجیب سہروردی، اجے سدھوترا، سجاد احمد کچلو، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، جاوید رانا، ٹی ایس وزیر اور پنڈت انیل دھر وغیرہ شامل ہوئے۔ اس سے قبل لداخ اور کرگل سے پارٹی لیڈران کے وفود کی ڈاکٹر فاروق کیساتھ بات چیت ہوئی۔ڈاکٹر فاروق کیساتھ مشاورت کے بعد اُن کی رہائش گاہ کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا نے کہا کہ بات چیت اور اجتماعیت جمہوریت کی جڑ ہے اور اگر کھلے من کیساتھ بات چیت ہو تو ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کو مضبوط کرناچاہتے ہیں اور ہم ہر اُس اقدام کے حق میں ہیں جو جموں وکشمیر اور یہاں کے عوام کی بہتری کیلئے ہو۔ ہمیں اُمید ہے کہ بات چیت کھلے ذہن کیساتھ کی جائیگی۔اگر واقعی یہ بات چیت یہاں کے عوام کے احساسات اور جذبات کے مطابق اورصحیح من کیساتھ ہوگی، جس کا مقصد جموں وکشمیر کی بہتری اور ترقی ہو تو ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جموں و کشمیر کیلئے اچھا ہوگا۔ رانا کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو پارٹی کا منڈیٹ حاصل ہے جو جموں وکشمیر کے لوگوںکے احساسات، جذبات، اُمنگوں اور مطالبات سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُمید ہے کہ وزیرا عظم کیساتھ مجوزہ اجلاس جموں وکشمیر اور یہاں کے عوام کی بہتری، ترقی، امن، خوشحالی اور شانتی کیلئے نئی اُمید لیکر آئیگا۔