راجوری // نیشنل کانفرنس پارٹی کی ایک میٹنگ بلاک راجوری کے گاؤں ٹھنڈی کسی میں ضلع صدر شفاعت خان کی سربراہی میں منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے شفاعت خان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد تحریک ہے جو ریاست جموں وکشمیر کی عوام کے امنگوں کی ترجمانی کرتی ہے اور ریاست کے مفاد کو ترجیحاتی بنیادوں پر لیکر چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ اقتدار میں تو ہیں لیکن ریاست کے تشخص کو نقصان پہنچانے میں ان کا ایک اہم کردار ہے ۔انہوںنے کہاکہ ریاست جو ایک خصوصی حیثیت رکھتی ہے ،کوموجودہ مخلوط سرکار نے جی ایس ٹی نافذ کرکے نقصان پہنچانے کے لئے پہل شروع کردی اور اب 35Aکو ہٹانے کی بات کی جارہی ہے جو ایک خطرناک قدم ہوسکتا ہے ۔ شفاعت خان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کشمیر کے تشخص کو اس وقت بحال رکھا جب یہاں لوگ خوف ودہشت کے سائے میں رہتے تھے اوراس بار بھی نیشنل کانفرنس35Aکوتحفظ فراہم کرنے میں عوام کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب 35Aکو ختم کردیا گیا تو یہاں بے روزگاری حد سے زیادہ بڑھ جائے گی جس کا اثر برائے راست یہاں کے نوجوانوں کو ہوگا جو تعلیم یافتہ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ دفعات جموں کشمیر کے تشخص کا سوال ہیں ۔انہوں نے ریاستی سرکار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے مفاد کو ملحوظ رکھتے ہوئے جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو بحال رکھنے میں تعاون دے ۔ اس موقعہ پربلاک صدر افتار لون بھی موجو دتھے۔