پونچھ//تاریخی کرشن چندر پارک کی مرمت کا کام توعوام کی پُر زور اپیل کے بعد کروایاجارہا ہے جس پر عوام حکام کی سراہنا کررہے ہیں تاہم ساتھ والی نکاسی کی نالی کی مرمت نہیں کروائی جارہی جس پر لوگ برہم بھی ہیں ۔آٹو ڈرایئویر منجیت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پارک کی مرمت کے دوران سڑک اور پارک کے ساتھ بنائی گئی پانی کی نکاسی نالیوں کو جو سڑک کے متصل ہیں ،کونقصان پہنچا ہے، نالیوں کی صفائی اورمرمت عرصہ دراز سے نہیں کی جا رہی اور موسم کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتا ہے جس دوران پانی ان میں داخل ہوکر سڑ ک اور دوکانوں وگھروں میں چلاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ نالیاں بند ہو جانے کی وجہ سے پانی اور ان نالیوں میں بہہ کر آنے والی گندگی سڑک پر بہنا شروع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک نظام متاثر ہوسکتا ہے اور عوام کو بھی کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس سلسلہ میں وہ پہلے بھی متعلقہ محکمہ کو متوجہ کر چکے ہیں کہ ان نالیوں کی مرمت بارشوں سے قبل کی جائے لیکن ان کی کوئی نہیں سنتا ۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے ذاتی مداخلت کریں اور نالیوں کی مرمت کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مرمت ہوتی، فی الحال نالیاں صاف کروائی جائیں تاکہ اگر بارشیں ہو تو ان نالیوںکا پانی اور گندگی سڑکوں پر نہ آئے۔