نوین چودھری نے صنعت نگر میں تازہ سبزیوں کے سیل کائونٹر کا اِفتتاح کیا

سری نگر//پرنسپل سیکریٹری زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے صنعت نگر کے ڈیپارٹمنٹل سٹور میں تازہ سبزیوں کے پہلے سیل کائونٹر کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے پُر عزم ہے۔نوین کمار چودھری نے زرعی شعبے میں نئے جدید اور منافع پر مبنی مارکیٹنگ ماڈیول متعارف کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیاتاکہ کسان اَپنی محنت کامنافع حاصل کرسکیں۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ کثیر الجہتی نقطہ نظر پر کام کر رہا ہے جس میں بنیادی توجہ کاشت کار طبقے کی سماجی ، معاشی تبدیلی اور ترقی کی طرف مرکوز ہے اورآج کا اقدام اس سمت میں ایک قدم ہے۔اِس موقعہ پر موجود زرعی تاجروں اور کسانوں نے اِس اقدام کو سراہا اور پوری وادی میں اِس طرح کے پروگراموں کو جاری رکھنے کی اپیل کی۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار و بہبود کساناں نے زرعی کمپلیکس لال منڈی سری نگر میں نامیاتی سبزی منڈی کا اَچانک دورہ کرکے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا اور کسانوں اور کاشت کاروں کے ساتھ بات چیت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ کی طرف سے کسانوں پر مبنی مختلف سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی کہ مختلف شعبہ جات نامیاتی سبزیوں کے شعبے کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹرایگریکلچر ایکسٹنشن شاہد اقبال، جوائنٹ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر سیّد وسیم احمد شاہ، جوائنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ ایم قاسم غنی ، جوائنٹ ڈائریکٹر اپیکلچر اینڈ مشرومز ایم سیّد پیر، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ایم یونس چودھری ، پوٹیٹیو ڈیولپمنٹ آفیسر کشمیر وحید الرحمٰن اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔