نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے دریائوں اور نالوں میں ریت بجری مافیا پوری طرح سے سرگرم ہے تاہم مقامی اور ضلع انتظامیہ راجوری اس غیر قانونی عمل کو روکنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گیا ہے ۔سب ڈویژن کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ کے اہم دریا مناور میں گزشتہ کئی عرصہ سے ریت بجری مافیا انتظامیہ کی آنکھوں کے سامنے غیر قانونی طور پر کان کنی کرنے میں مصروف ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس عمل کو روکنے کیلئے ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مافیا سے منسلک افراد دن رات دریائوں میں مشینوں و ٹرالیوں کے ذریع سرگرم رہتے ہیں جبکہ اس کا اندازہ ہونے کے بعد بھی حکام کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اگر مافیا اسی رفتار سے دریائوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھتا ہے تو کچھ ہی وقت میں آبی زندگی ختم ہو جائے گی اور ملحقہ علاقوں میں بھی دریائوں کے اثرات مرتب ہونگے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی عمل کو روکنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔