سرنکوٹ//پونچھ پولیس نے سرنکوٹ کی دو دکانوںسے چوری ہونے والے سامان کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے نقب زنوں کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیاہے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل سرنکوٹ کے ہاڑی محلہ علاقے میں دکانوںسے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کرلیاگیا جس میں پیسوں کے ہار اور موبائل فون بھی شامل تھے ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ سرنکوٹ میں ایف آئی آر زیر نمبرات 206/2017, 289/2017, 296/2017و 297/2017زیر دفعات 457/380آر پی سی کے کیس درج کرکے نقب زنوں کی تلاش شروع کی گئی ۔اس دوران ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی ہدایت پر ڈی وائی ایس پی سرنکوٹ اصغر ملک کی سربراہی اور ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر کی قیادت میں ٹیم تشکیل دے کر تحقیقات شروع کی گئی اور پولیس نے شک کی بناپر150افراد سے پوچھ تاچھ کی ۔پولیس کے مطابق کڑی محنت کے بعد پولیس بالآخر چوری کرنے والے گروہ کوبے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئی اوران نقب زنوں کی شناخت بشارت حسین ولد عبدالخالق ساکن کلر ، محمد عارف ولد عبدالمجید ساکن نکہ منجہاڑی اور نظارت حسین ولد صید محمد ساکن جڑانوالی گلی کے طور پر ہوئی جن کو پولیس نے حراست میں رکھاہواہے ۔پولیس نے بتایاکہ ان نقب زنوں کی تحویل سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی برآمد کیاگیاہے جس میں موبائل فون ، نقدی رقم ، پیسوں کے ہار اور دیگر اشیاء ہیں ۔ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے اس کارروائی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیاہے ۔انہوںنے سرنکوٹ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ مزید برآمدگیاں متوقع ہیں ۔