نفرتوں کی دکانیں چلانے والوں کو مسترد کرنا ضروری | بی جے پی نے جموںوکشمیر کو تباہی وبربادی کے دہانے پر پہنچا دیا:ڈاکٹر فاروق

عظمیٰ نیوزسروس

جموں// جموں وکشمیر کے عوام کو گذشتہ 5برسوں سے سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے اور آنے والے نیشنل کانفرنس کی حکومت لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے پُرعزم ہے، لیکن اس کیلئے ہمیں ایک مضبوط منڈیٹ کی ضرورت ہے، جو عوام کے تعاون اور اشتراک کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خطہ جموں میں انتخابی مہم کے دوران ادھمپور ، کٹھوعہ، سانبہ اور وجے پور میں چنائوی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فارو ق عبداللہ نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں نفرتوں کی دکانیں چلانے والوں کو مسترد کرنا ہے اور اپنے آنے والے نسلوں کیلئے ایک بہترین مستقبل کی داغ بیل ڈالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ماضی بھی یہاں کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے میں کلیدی رول نبھایا ہے اور یہی جماعت مستقبل میں بھی لوگوں ایک بہتر کل فراہم کرسکتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کے بیشتر غریب لوگ شام کو سوئے اور دوسرے روز بڑی بڑی زمینوں کے مالک ہوگئے تھے ۔ یہ صرف جموں وکشمیر میں ممکن ہوپایا اور یہ تاریخی انقلابی اقدام کرنے والی جماعت نیشنل کانفرنس تھی ۔ شیخ محمد عبداللہ نے نہ صرف یہاں کے عوام کو زمینیں فراہم کیں بلکہ مفت تعلیم عام کرکے خواندگی کو گھرگھر پہنچایا ، جسکی بدولت آج جموں وکشمیر تعلیم کے میدان میں کسی بھی ریاست سے کم نہیںہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کہا کہ بی جے پی نے جموںوکشمیر کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، یہاںکے عوام سے تمام بنیادی جمہوری اور آئینی حقوق چھین لئے گئے، تعمیر و ترقی کی تمام راہیں بند کی گئیں، گذشتہ 10برس سے جموں وکشمیر کے عوام کو خوف و ہراس، دھونس و دبائو اور تنگ طلبی کے زیر عتاب رکھا گیا ہے۔ ہمارے وسائل باہری لوگوں کو دیکر ان کی لوٹ جاری ہے۔ بی جے پی کے تمام تعمیر و ترقی اور امن کے دعوے فریب اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ غیر مقامی افسران کی بھرمار سے یہاں کی انتظامیہ مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، لوگوںکا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ مہنگائی عروج پر ہے، اقتصادی بدحالی نے ہر ایک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے، بے روزگاری کے تمام ریکارڈ مات ہوگئے ہیں اور درپردہ طو رپر یہاں کی نوکریاں باہر کے اُمیدواروں کو دی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو بھر پور حمایت دیکر اپنی اس آبائی جماعت کو اپنی خدمت کرنے کا موقع فراہم کریں ۔