نعت رسول مقبولؐ
کیا شان جہاں میں مرے آقا کی بڑی ہے
قرآں میں جو لکھا ہے وہی عکس نبی ہے
کیا جانے گدائے نبی ؐکی رفعتوں کو کوئی
وہ رنگ گدائی میں زمانے کا ولی ہے
انوار کرم برسے زمانے پہ جہاں سے
وہ شاہ مدینہ مرے آقا کی گلی ہے
دامن کبھی خالی یہاں دیکھا نہیں اس کا
سرکار مدینہ ؐسے لو جس کی بھی لگی ہے
اے شاہ زماںؐ ہم پہ بھی ہو نظر ے کرم آج
ہر آنکھ مری آپ کی جالی پہ جمی ہے
مل جائے معینؔ آقا کا جو ہم کو سہارا
کس چیز کی پھر ہم کو زمانے میں کمی ہے
معین فخر معین
موبائل نمبر؛003443837244
نعتیہ کلام
نصیب ہو میں بھی عرض کرلوں حضور ؐ میرا سلام سن لو
درود پڑھتے ہوئے ادب سے کھڑا ہے تیرا غلام سن لو
ہے رتبہ انؐ کا سبھی سے بالا،پیمبروں میں ہیں سب سے اعلیٰ
مرے نبیؐ کو عطا کیا ہے خدا نے ایسا مقام سن لو
گھٹا تھی چھائی جو ظلمتوں کی نبیؐ کے آنے سے پہلے ہر جا
مگر یہ عالم ہوا منوّر جب آئے خیر الانامؐ سن لو
ستایا پیارے نبیؐ کو اتنا ہے دشمنوں نے بیاں کریں کیا
جو دیکھا کردار سب نے اعلیٰ ہوئے پھر ان ؐ کے غلام سن لو
جہاں میں رحمت وہؐ بن کے آئے تو ساتھ فصلِ بہار لائے
سنایا سب کو خدائےارض و سماء کا پیارا کلام سن لو
پڑی تھی غفلت میں ساری دنیا،بس ایک نفرت ہی چار سُو تھی
سبھی کی خاطر محبتوں کا وہ ؐ لے کے آئے پیام سن لو
ہے دل میں حسرت مدینہ جاکر نبیؐ کی دہلیز چوم لیتا
دعائے شادابؔ ہے مرے رب فقط یہی اک مدام سن لو
غلام رسول شاداؔبؔ
مڑواہ،کشتواڑ
موبائل نمبر؛9103196850