جموں// ایم جی نریگا کے تحت کام کررہے کنٹریکچول ملازمین بشمول گرامین روزگار سیوک ، ٹیکنکل اسسٹنٹ ،پروگرام افسر اور ایم آئی ایس آپریٹروں کے مطالبات پورا کرنے پر زور دیتے ہوئے سی پی آئی ایم رہنما و ممبراسمبلی محمدیوسف تاریگامی نے کہاکہ یہ ملازمین جوفلیگ شپ پروگرام کے تحت کام کررہے ہیں ،کئی عرصہ سے اپنی مانگوں کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ملازمت کی مستقلی ان کی دیرینہ مانگ ہے اور ساتھ ہی ان کی یہ مانگ بھی ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے ۔ ایک بیان میں تاریگامی نے کہاکہ مستقل ملازمت کی مانگ جائز ہے جس کو فوری طور پر حل کیاجاناچاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ ان ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیاگیا جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور اپنا کام اچھی طرح سے کام کررہے ہیں لیکن ان کو معمولی سی تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اس حوالے سے حکومت کے پاس کوئی واضح پالیسی نہیں ہے جس کے نتیجہ میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں کامستقبل تاریک بناہواہے ۔تاریگامی نے کہاکہ ان میں سے بہت سے ملازمین ملازمت کیلئے عمر کی حدیں بھی پار کرچکے ہیں ۔سی پی آئی ایم لیڈر نے مانگ کی کہ ان ملازمین کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں ۔