منڈی//ریاست بھرکی طرح منڈی بلاک میں بھی مہاتماگاندھی نریگا کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔اس ہڑتال کو نریگا ملازمین کی تنظیم کی طرف سے 16 جولائی تک بڑھادیاگیاہے جس پر عمل کرتے ہوئے منڈی کے ملازمین نے بھی دھرنا دیا۔نریگا ملازمین کی ہڑتال کا اثر عام وان غریب لوگوں پر پڑنے لگاہے جو اس سکیم سے کسی طرح سے جڑے ہوئے ہیں ۔منڈی کے غریب عوام کاکہناہے کہ ایم جی نریگا ایک ایسی سکیم ہے جس کی وجہ سے ان کا چولہا جلتاہے اور ان کا گزر بسر اسی سکیم سے ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پچھلے کچھ دنوں سے ان کے کام نہیں ہورہے اور ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے وہ دربدر ہیں ۔مقامی لوگوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ ملازمین سے بات چیت کرکے ان کی ہڑتال ختم کروائیں تاکہ کام کاج کا سلسلہ بحال ہوسکے نہیں تو انہیںبھی مجبوراًسڑکوں پر اتر ناپڑے گا۔ کئی لوگوں نے بتایاکہ وہ روز اپنے کام کے سلسلہ میں دفتر پہنچتے ہیں لیکن وہاں کام کاج ٹھپ ہونے کی وجہ سے انہیں خالی ہاتھ مایوس ہوکر لوٹناپڑتاہے ۔ان کاکہناہے کہ ملازمین کی طرف سے یہ جواب ملتاہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک کام پر نہیں لوٹیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس لڑائی میں غریب پس رہاہے اس لئے ہڑتال فوری طور پر ختم کرواکے ان کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔