مینڈھر//مینڈھر میں نریگا کے تحت کام کرنے والے مزدوروں نے وقت پر اجرت نہ ملنے پر بی ڈی او دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بی ڈی او دفتر کے ملازمین سیاسی اثر رسوخ رکھنے والے لوگوں کو رات کے وقت اجرت فراہم کی گئی ہے اور غریب دردر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔ا ن کا کہنا تھا کہ سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے لوگ اے سی ڈی دفتر پونچھ میں کمیشن دے کر پیسے لاتے ہیں اور اسی وقت بی ڈی دفتر مینڈھر میں بھی کمیشن دے کر رات کے وقت ہی پے منٹ کروا لیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملازمین رات کو دفتر کھول کر بھاری کمیشن لے کر اثر ورسوخ رکھنے والے لوگوں کو پے منٹیں کرتے ہیں اور غریب مزدور دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کی پڑھائی و گھر کے اخراجات نہیں چلا پارہے ہیں اور صرف دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور کیاجارہاہے ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ڈی ایم مینڈھر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے واجبات ادا کئے جائیںگے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر کی یقین دہانی کے بعد لوگوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔