ایم ایم پرویز
رام بن//اتوار کی شام جموں سری نگر قومی شاہراہ پر رامسو کے علاقےناچلانہ میں ایک شخص گاڑی سے اترنے اور حادثاتی طور پر کھائی میں گرنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر رامسو پولیس سٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والےناچلانہ علاقے میں ایک گاڑی کے ٹوٹنے کی وجہ سے ٹریفک جام کے بعد ایک شخص گاڑی سے اترا اور پھسل کر کھائی میں جا گرا۔پولیس نے بتایا کہ زخمی شخص کو فوری طور پر پی ایچ سی رامسو لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ دیر شام پولیس نے متوفی مسافر کی شناخت امرت پال سنگھ، 35 ولد سردار سنگھ ساکن گڈی گڑھ، جموں کے طور پر کی۔ان کی لاش کو پی ایچ سی رامسو کے مردہ خانہ میں رکھا گیا۔ایس ایچ او تھانہ رامسو، انسپکٹر نعیم متو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تھانہ رامسو میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جس گاڑی سے متوفی شخص کو اتارا گیا تھا اس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم گاڑی کا تعاقب کرکے بانہال میں روک دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور کو رامسو پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا تھا تاکہ یہ جاننے کے لیے کہ یہ شخص گاڑی سے کیسے اترا اور کھائی میں گر کر ہلاک ہوگیا۔ادھر ادھم پور ضلع میں چنانی کے قریب جموں سرینگر شاہراہ پر ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس دوران ایک شہری لقمہ اجل بن گیا۔پولیس نے کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار مخالف سمت سے آ رہی ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار کو شدید طو رپر نقصان پہنچ گیا اور اس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کو اگرچہ ہسپتال علاج کیلئے پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں مرنے والے شہری کی شناخت 27 سالہ اشکور ولد راج علی ساکن سمرولی ادھم پور کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ضروری کارورائی کے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا ۔