پونچھ//قصبہ پونچھ کے محلہ اعلیٰ پیر چوک سے پاور ہائوس کے اندر کی جانب آنے والے راستے پر سرکاری یتیم خانہ کے ساتھ ایک مقام پر راستہ نالے پر پلی نہ بنائے جانے کی وجہ سے عرصہ دراز سے بند ہے۔یہ راستہ جہاں لوگ دن میںتو ایک دیوار کے سہارے دوسری جانب چلے جاتے ہیں لیکن بارش میں یا رات کے اندھیرے میں وہاں سے گزرنا ناممکن ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو تقریبا 300میٹر گھوم کر دوسری سڑک سے گزر کا جانا پڑتا ہے۔محلہ کے گرداری لعل نامی شخص نے کہا کہ پہلے وہاں سے گزرنے کے لئے راستہ تھا لیکن وہ کسی شخص کی ذاتی اراضی تھی اس نے وہاں مکان تعمیر کروایا جس کی وجہ سے وہ راستہ بالکل ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ پانچ یا چھ سالوں سے وہ لوگ انتظامیہ کے ذمہ دار افسران سے کئی بار ملاقات کر کے انھیں اس طرف متوجہ کر چکے ہیں لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر وہ پلی تعمیر نہیں کی جارہی ہے جبکہ سبھی جانتے ہیں کہ پلی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں لوگ پریشانیوں سے دوچار ہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی ہے کہ وہ وہاں کا دورہ کر کے جائزہ لیں کہ لوگ کس قدر پریشان ہورہے ہیں اور پھر متعلقہ محکمہ کو ہدایت کریں کہ وہاں پلی تعمیر کروائی جائے۔