عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے کہا کہ میکڈامائیزیشن کے کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر ٹھیکیداروں نے ناقص مواد استعمال کیا تو انہیں کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بات قانون ساز مبارک گُل کے سوال کے جواب میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح کے افسران کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ میکڈامائیزیشن کے منصوبوں یا روڈ پروجیکٹس کی تشکیل سے پہلے مقامی قانون سازوں کو شامل کیا جائے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ 2025-26 کے دوران جموں و کشمیر میں 344.32 کلو میٹر سڑک کی لمبائی کو میکڈامائیز کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مالی سال میں مختلف حلقوں میں مختلف شعبوں /اسکیموں کے تحت سڑکوں کی میکڈامائیزیشن کے منسوبے اس وقت تیار کئے جائیں گے جب فائنانس ڈپارٹمنٹ سے سیلنگ موصول ہو جائے گی ۔