ناشری ٹنل کے آر پار کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام

بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام لگ گیا۔ ناشری ٹنل کے آرپار اور شیر بی بی رامسو کے علاقوں میں ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو کئی گھنٹوں بعد ہی ٹریفک جام سے چھٹکارا مل گیا۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو فون پر بتایا کہ وہ جمعرات کی صبح 8بجے جموں سے نکلے لیکن ادہمپور سے رام بن تک کا سفر طے کرنے میں 6سے 7 گھنٹے لگ گئے۔ سروسز سلیکشن میں بورڈ کے امتحانات میں شامل ہونے کے بعد واپس بانہال آنے والے امیدواروں نے کہا کہ وہ صبح سات بجے جموں سے بس میں سوار ہو کر نکلے لیکن شام سات بجے وہ رامسو کے نزدیک ٹریفک جام میں ہی پھنسے تھے۔ اس دوران بانہال کے شابن باس علاقے میں جمعرات کی صبح جموں سے کشمیر آنے والی ایک ٹرک کیچڑ میں پھنس گئی اور ٹریفک متاثر ہوا۔ بعد میں ٹرک کو ایک طرف کھینچ کر شاہراہ جو بحال کیا گیا۔ ادھر ضروری مرمت کے پیش نظر آج یعنی جمعہ کو سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند رہے گی۔