عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اکھنور تحصیل کے چوکی چورا میں سرکاری ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا۔نائب وزیرا علیٰ نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے علاوہ وہاں تعینات ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پہلے ہی ہدایات جاری کرچکی ہے کہ لوگوں کو عوامی خدمات بالخصوص صحت نگہداشت کی سہولیات کے سلسلے میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت لوگوںکو عوامی خدمات کی فوری اور پریشانی کے بغیر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا،’’ مریضوں کو ان کے لئے فراہم کردہ سہولیات سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے کیوںکہ صحت حکومت کے اہم ترجیحی شعبوں میں سے ایک ہے۔‘‘اُنہوں نے ہسپتال حکام کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کی معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صحت سے متعلق پالیسیوں کے فوائد انہیں بغیر کسی رُکاوٹ کے فراہم کئے جائیں۔