عظمیٰ نیوزسروس
رام بن //نائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری نے ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا اور گلی تا کٹیری روڈ پروجیکٹ کی بہتری اور اَپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس 2.60 کلومیٹر طویل اہم پروجیکٹ کوتعمیراتِ عامہ محکمہ ( پی ڈبلیو ڈی)اور آر اینڈ بی ڈویژن رام بن کے ذریعے 872.84 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے انجام دیا جارہا ہے۔اِس پروجیکٹ کا مقصدناشری سے سناسر تک سڑک رابطے کو مضبوط بنانا ہے جو رام بن ضلع مین ایک مشہور سیاحتی مقام ہے ۔ توقع ہے کہ اِس بہتر رابطے سے سیاحت اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر فروغ ملے گا جس سے خطے کی آبادی کو فائدہ ہوگا۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل (ڈِی ڈِی سی) ڈاکٹر شمشاد شان، رُکن قانون ساز اسمبلی رام بن اَرجن سنگھ راجو، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی بٹوت ای آر اشوک کمار، اے ڈی سی رام بن ورونجیت سنگھ چاڈک، ڈِی ڈِی سی ممبران، سینئر اَفسران اور ممتاز شہریوں نے شرکت کی۔نائب وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں عوام کی دہلیز پر حکمرانی کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے اور جموں و کشمیر کی بہتری کے لئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔سریندرکمار چودھری نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری سکیموں کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے دیہی علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کریں۔اُنہوں نے خطے میں سیاحتی امکانات پر زور دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے لئے اہم اَقدامات اُٹھائے جائیں گے جن میں ناشری۔سناسر روڈ کی اَپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے عوامی دربار کے دوران چیئرپرسن ڈِی ڈِی سی اور رُکن قانون ساز اسمبلی رام بن کی قیادت میں مقامی لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کاازالہ کیا۔ اُنہوں نے افسران کو سختی ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر مسائل کو حل کریں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام ہدایات پر من و عن عمل کریں۔نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے تعلیم، صحت، محنت ، جل شکتی، مویشی پروری، پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی جیسے شعبوں میں مختلف عوامی فلاحی سکیموں اور پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ فنڈز کا غلط اِستعمال یا ڈیوٹی میں سنجیدگی کا فقدان برداشت نہیں کیا جائے گا۔معززین اور مقامی اَفراد نے اِس اَقدام کو سراہتے ہوئے اس منصوبے کی بروقت تکمیل اور ضلع کی سماجی و اِقتصادی ترقی پر اس کے مثبت اثرات کی امید کا اِظہار کیا۔