تھنہ منڈی// ڈائریکٹر لوکل باڈیز جموں کی ہدایت پر ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی نے حاضری کے اوقات مقرر کرکے بائیو میٹرک نظام شروع کردیاہے۔ گزشتہ روز ایگزیکٹو آفیسر تھنہ منڈی کبیر احمد ملک نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں تعینات مستقل و عارضی ملازمین کے اوقات مقرر کئے۔ حکمنامے کے مطابق میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں مستقل و عارضی ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے عارضی ملازمین صبح 9.30 سے 10 بجے تک حاضری کریں گے جبکہ مستقل ملازمین صبح 10 بجے سے 10.25 بجے تک بائیو میٹرک حاضری کریں گے۔ علاوہ ازیں تھنہ منڈی کے مستقل وعارضی ملازمین دن کے اختتام پر 3 بج کر 30 سے 4 بجے تک اور 4 سے 4.30 تک اپنی حاضری کریں گے۔ جمعرات کے روز ملازمین کی حاضری کو اسوقت روکنا پڑا جب بائیو میٹرک مشین میں تکنیکی خرابی آگئی جس پر کچھ مقامی لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیاہے۔ ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کبیر احمد ملک نے مشین کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ تکنیکی خرابی کے باعث دوسرے اوقات میں ملازمین کی حاضری ممکن نہ ہوسکی تاہم جلد اس خرابی کا حل نکال کر بائیو میٹرک نظام بحال کردیاجائے گا۔