نئی دہلی//عام آدمی پارٹی (عاپ) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ میونسپل انتخابات میں جیت ہونے پر ہاؤس ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا اور پرانا بقایہ معاف کیا جائے گا۔وزیر اعلی نے میونسپل ملازمین کو ماہ کی سات تاریخ کو تنخواہ دیئے جانے کا بھی وعدہ کیا۔مسٹر کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا 'اگر پارٹی میونسپل انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے تو ہاؤس ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا اور گزشتہ بقایہ رقم کو معاف کر دیا جائے گا لیکن تجارتی اور صنعتی ٹیکس برقرار رہیں گے ۔'وزیر اعلی نے یہ دعوی کیا کہ ان کی پارٹی کارپوریشن الیکشن جیتنے پر ایک سال کے اندر دہلی میونسپل کارپوریشن کو خسارے سے نکال کے دکھائے گی۔ انہوں نے کہا 'ہمیں یقین ہے کہ میونسپل الیکشن جیتنے پر ایک سال کے اندر میونسپل کو فائدہ والا محکمہ بنا دیا جائے گا اور ملازمین کو باقاعدگی سے ماہ کی سات تاریخ کو تنخواہ مل جائے گی۔'مسٹر کیجریوال نے کہا کہ کارپوریشن کے بدعنوانی اور عام لوگوں کو تنگ کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا 'دہلی کے اسمبلی انتخابات میں بجلی کی شرح نصف کرنے کے پارٹی نے جو وعدہ کیا تھا، وہ ہم نے پورا کیا۔
آپ حکومت نے پانی مفت کرنے کا جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیا اور 20 ہزار لیٹر پانی ہر کنبہ کو مفت دیا۔ 178 کروڑ کا ریونیو بھی جل بورڈ کو مل رہا ہے ۔ تین ملین گیلن پانی کی بچت روزانہ ہونے لگی ہے ۔
'واضح ر ہے کہ آپ کارپوریشن الیکشن جیتنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ۔ کارپوریشن کی 272 نشستوں کے لئے 23 اپریل کو انتخابات ہونے والے ہیں۔یو این آئی