سرنکوٹ// گزشتہ کئی روز سے سرنکوٹ بازار میں صفائی نہیں کی گئی جس کے خلاف دوکانداروںنے میونسپلٹی حکام اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔مظاہرے میں شامل دوکانداروں کاکہناتھاکہ صفائی نہ ہونے کے بارے میں حکام کو بھی بتایاگیالیکن ان کے کانوںجوںتک نہیں رینگتی ۔انہوںنے کہاکہ حالانکہ گریف کی جانب سے کچھ ہی دن پہلے سڑک پر کنکریٹ بچھایاگیاہے لیکن اس کے باوجود سڑک پر دھول ہی دھول نظر آ رہی ہے اور جب بازار سے گاڑی گزرتی ہے تو ایسا لگتا ہے کہ کسی صحرائی علاقے میں ہوائی جہاز بیٹھ رہا ہو۔ دوکانداروں نے کہا کہ گرد کی وجہ سے ان کا سامان تباہ ہورہاہے اور وہ آج سڑک بند کرکے احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔انہوںنے تحصیل انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور کہاکہ نالیوں میں جگہ جگہ عفونت ہی عفونت ہے جس وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ دوکانداروں کی طرف سے یہ احتجاج اقبال نگر میں کیاگیا جس دوران گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے نائب تحصیلدار عبدالغنی اور میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر محمد مشتاق موقعہ پر پہنچے اور یہ یقین دلایاکہ دوکانداروں کے مطالبات پورے کئے جائیںگے اور بازار کی صفائی کروائی جائے گی ۔دوکانداروںنے مطالبہ کیاکہ کوڑے دان نصب کئے جائیں اور سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کی جائے ۔