مینڈھر//بیوپار منڈل مینڈھر نے قصبہ میں پانی کی نکاسی کا کوئی نظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اقدامات کرکے پانی کی نکاسی کا بندوبست کیاجائے تاکہ موسم برسات کے دوران لوگوں کو نقصان کا سامنا نہ کرناپڑے۔بیوپار منڈل کے صدر پروین کمار ساہنی اور جنرل سیکریٹری خورشید احمد نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر میں پانی کی نکاسی کیلئیفوری طور پر انتظام کیاجائے کیونکہ ایسا نہ ہونے کی وجہ سے ہرسال دکانداروں اور مکان مالکان کو نقصان ہوتاہے اور بارشوں کے موسم میں سڑک اور نالیوں کا پانی اندر داخل ہوجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ڈپٹی کمشنر پونچھ نے اپنے مینڈھر دورے کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت بھی جاری کی تھی تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی کام شروع نہیں ہوااور اس بات کا احتمال ہے کہ اس سال بھی برساتی موسم میں پانی دکانوں اور مکانات میں داخل ہوکر تباہی کرے گا۔انہوں نے کہاکہ فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کا بندوبست کیاجائے۔