مینڈھر // مینڈھرمیں ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے بائی پاس کی تعمیرکامطالبہ کرتے ہوئے علاقہ کے سماجی ودینی کارکن مولانانثار احمد سلطانی نے کہاکہ مینڈھر میں آئے دن ٹریفک جام سے عوام کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس صورت حال سے نجات حاصل کرنے کے لئے بائی پاس کی تعمیر انتہائی ناگزیر ہے ۔سلطانی نے کہاکہ اس سنگین صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے وہ مریض ہیں جن کو دور دراز سے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر لایا جاتا ہے مگر اکثر و بیشتر ٹریفک جام کی وجہ سے ان کو بر وقت طبی امداد فراہم کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کی خستہ حالی ، دور دراز علاقوں تک سڑک رابطوں کی تعمیر میں تاخیر اور بیشتر علاقوں میں پانی کی شدید قلت ، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی جیسے مسائل حکومت کی عدم توجہی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری ان مسائل پر توجہ دے اور سر زمین مینڈھر جیسے مردم خیز علاقہ جس سے ابھرنے والی شخصیات نے نہ صرف ریاستی بلکہ قومی سطح پر اپنی خدادا صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اس علاقے کو تعمیر و ترقی کے نقشے پر لایا جائے انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ قومی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم ہو کر کسی سازش کا شکار نہ ہوں بلکہ ہر حال میں آپسی بھائی چارہ، اور اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مینڈھر بلکہ پورے خطۂ پیر پنجال کے لئے اپنا مثالی کردار ادا کریں۔