میرواعظ کی خانہ نظر بندی خلاف ورزی، مارچ کرنے کی کوشش میں گرفتار

 سرینگر/حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میر واعظ عمر فاروق کو پولیس نے سوموار کے روز اُس وقت گرفتار کرلیا جب اُنہوں نے خانہ نظر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھر سے باہر آکر احتجاجی مارچ  کی کوشش کی۔

ایک ترجمان کے مطابق میرواعظ خانہ نظر بندی توڑ کر نگین رہائش گاہ سے باہر آئے جہاں درجنوں حمایتی اُن کے منتظر تھے اور جنہوں نے پلے کارڈ اُٹھارکھے تھے ۔

میرواعظ نے نعرے بازی کے بیچ بادامی باغ فوجی ہیڈ کوارٹر کی طرف مارچ کی کوشش کی تاہم پولیس نے اُنہیں گرفتار کرکے اُن کا مارچ ناکام بنالیا۔

واضح رہے کہ سید علی گیلانی، میر واعظ اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج'' بادامی باغ چلو'' کی کال دے رکھی ہے جہاں فوج کی پندرہویں کور کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

یہ کال جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فورسز کے ہاتھوں ہوئی حالیہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کے طور دیدی گئی ہے۔

 سنیچر وار کو پلوامہ ضلع کے کھارہ پورہ، سرنو نامی علاقے میں فورسز کارروائی میں سات شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے بیچ ہوئی جھڑپوں کے دوران پیش آئیں۔مذکورہ معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔