ریاسی//ضلع ریاسی کے علاقہ مہور میں کچھ افرادکے ایک گرو ہ نے زبردستی دکانیں چھیننے کی غرض سے ایک کنبے پرحملہ کردیاجس کے نتیجے میں 6 افرادزخمی ہوگئے ہیں جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔اس واقعے میں زخمی افرادکو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مہورسے نازک حالت کودیکھتے ہوئے جموں میڈیکل کالج منتقل کیاہے۔ ذرائع کے مطابق مہور میں مقیم ایک کنبہ جواپنی پشتنی زمین پررہ رہاہے اوراپنے پاس پانچ دکانیں بھی رکھتاہے ۔دودرجن کے قریب افرادمیٹاڈوروں میں آئے اورانہوں نے دکانوں کی توڑپھوڑ کرناشروع کردی جس کے دوران چھ افرادجن میں محمدعارف ولد مشردین ، محمداقبال ولد کاکا، شاہدہ تبسم زوجہ محمدعارف ، شمیم بانو زوجہ محمدفاروق ، سکینہ بانوزوجہ سراج دین، الطاف حسین ولد محمدشفیع شدیدزخمی ہوگئے ہیں جن کوپہلے مہورہسپتال میں لے جایاگیاجہاں پرابتدائی علاج ومعالجہ کے بعدان کی نازک حالت کودیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں جموں میڈیکل کالج ریفرکیا۔اس حملے سے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے ایڈوکیٹ محمداکرم نے بتایاکہ حملہ آورگروہ نے مشردین ولد مرحوم محمداسرئیل کی پانچ دوکانوں پرزبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کی اورانہوں نے آتے ہی دوکانوں کاتالاتوڑکر سامان پھینکناشروع کردیاجس کودیکھتے ہوئے مشردین اوراس کے پڑوسیوں نے مزاحمت کی جس کے دوران محمدعارف ودیگرافرادشدیدزخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایاکہ واقع کے ایک گھنٹے بعد پولیس موقع پرپہنچی اورحملہ آوروں کیخلاف کاروائی کرنے کے بعد دکانوں کے مالکان کوہی ہراساں شروع کردیا۔متاثرہ کنبے کے سربراہ مشردین نے کہاکہ اس حملے میں عبدالغفار،عبدالرشید، امتیازاحمد، طارق احمد اوران کے ساتھی شامل ہیں۔انہوں نے ضلع پولیس انتظامیہ اورضلع ترقیاتی کمشنرریاسی سے مطالبہ کیاہے کہ حملہ کرنے والے افرادکے خلاف کارروائی عمل میں لائی ۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او مہورسے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے باعث رابطہ نہ ہوسکا۔