مہلوک ڈی ایس پی کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

جموں//گزشتہ روز کولگام میں جنگجوئوں کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ڈی وائی ایس پی امن ٹھاکر کی آکری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ان کی آخری رسومات میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس دوران مہلوک کے 6سالہ بچے آریا نے حلقہ موڑ شمشان گھاٹ میں ان کی جسد خاکی کو آگ لگائی ۔آخری رسومات میں شریک مہلوک ڈی وائی ایس پی کے رشتہ داروں اور دیگرلوگوں میں زبردست غم و غصہ دیکھاگیا اور انہوں نے پاکستان کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کی مانگ کی اوراس پر دہشت گردی کو حمایت کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو وادی سے جنگجوئوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کا خاتمہ کرناچاہئے کیونکہ اسی کی وجہ سے ایک نوجوان افسر کی جان چلی گئی ۔ قبل ازیں سرینگر سے نعش جموں پہنچنے پر ٹھاکر کو ضلع پولیس لائنز میں خراج عقیدت پیش کیاگیا اور سلامی پیش کی گئی ۔اس موقعہ پر ریاستی گورنر ستیہ پال ملک، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، اسپیکرقانون ساز اسمبلی ڈاکٹر نرمل سنگھ، گورنر کے مشیر، سینئر سیول و پولیس افسران، سیاسی لیڈران و دیگر لو گ بھی موجود تھے ۔بعد ازآں نعش کو مہلو ک کے گھر ناگبنی لیجایاگیا جہاں سے اسے بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی میں آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے شمشان گھاٹ پہنچایاگیا۔مہلوک ڈی ایس پی امن ٹھاکر ولد سوامی راج ٹھاکر ساکن گوگلا ڈوڈہ کاستی گڑھ کے رہنے والے تھے اور اس وقت وہ شہر کے مضافاتی علاقہ سنگرام پور میں رہائش پذیر تھے۔ 2011میں کشمیر سول سروسز کا امتحان پاس کرنے کے بعد بطور ڈی ایس پی جموں کشمیر پولیس میں بھرتی ہوئے اور مختلف عہدوں پر فائز رہنے کے بعد ڈیڑھ سال قبل جنوبی کشمیر میں آئی آر پی کی 10ویں بٹالین میں ملی ٹینسی مخالف سکاڈ میں ڈی ایس پی آپریشن کے طور پر تعینات ہوئے۔ اس دوران انہوں نے کئی جنگجوئوں کو ہلاک کرنے میںاہم کردار ادا کیا ۔ان کے پسماندگان میں 6سالہ بیٹا اور اہلیہ شامل ہیں ۔
 
 
 

گورنر کا امن ٹھاکر کو خراج عقیدت

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ریاستی پولیس کے ڈپٹی سپر اِنٹنڈنٹ امن ٹھاکر کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیاہے۔امن ٹھاکر اتوار کو کولگام کے تری گام علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران مارے گئے تھے۔گورنر نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز جموں میں مہلوک ڈی ایس پی کی میت پر گلباری کر کے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹرجتندر سنگھ ، اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل کمار سنگھ ،گورنر کے مشیر،سول و پولیس اِنتظامیہ کے افسران اور کئی سیاسی لیڈر بھی موجودتھے۔
 
 

 کے کے شرما کا اِظہار رنج

جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے ڈی ایس پی امن ٹھاکر کے مارے جانے پر رنج و غم کا اِظہارکیا ہے ۔امن ٹھاکر اتوار کو کولگا م کے تری گام علاقے میں جنگجوئوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران مارے گئے ۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں مشیرموصوف نے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی پولیس کے اِس جانباز افسر کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مشیرنے اِس جھڑپ میں فوج کے ایک اہلکار کے مارے جانے پر بھی افسوس کا اِظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔انہوں نے جھڑپ میں زخمی ہوئے دیگر اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاکی ۔