سرینگر // مہا شیو راتری( ہیرتھ) کا تہوار جموں کشمیر میں مذہبی جوش و جذبے اور روایتی انداز کیساتھ منایا جارہا ہے۔ اگرچہ 1990 میں کشمیری پنڈت وادی سے کثیر تعداد میں نقل مکانی بھی کر چکے ہیں اور دیگر ریاستوں میں رہائش پذیر ہیں لیکن اسکے باوجود وہ ہیرتھ روایتی طریقے سے منا رہے ہیں۔مہا شیو راتری کا تہوار کشمیری پنڈتوں کا اہم اور مقدس تہوار ہے جو ہیرتھ کے نام سے بھی مشہور ہے۔اس تہوار میں کشمیری روایات کو روبہ عمل لایا جاتا ہے اور خصوصی پوجا میں مٹی کے برتن استعمال میں لائے جاتے ہیں۔ہندو مذہب کے مطابق یہ تہوار بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کی شادی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ ہیرتھ تہوار کی تقریب 4روز تک ہوتی ہے۔مہا شیو راتری کے موقعہ پربدھ کی شب کشمیری پنڈتوں نے ’ خصوصی وٹک پوجا‘ کا اہتمام کیا ۔ ہندوئوں میں صرف کشمیری پنڈت وٹک پوجا کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس خصوصی پوجا کا سلسلہ غروب آفتاب سے شروع ہوکر رات دیر گئے جاری رہتا ہے۔وٹک پوجا بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کی شادی کی تقریب کی علامت ہے۔کشمیر ی پنڈت ماہر تعلیم پیارے لعل پنڈتا کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر بھارت میں ہندو، مہا شیو راتری یا ہیرتھ کا تیوار مناتے ہیں لیکن انکا اور کشیری پنڈتوں کے منانے کا طریقہ بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو چھوڑ کر دوسرے ہندو اس تہوار کے موقع پر مندروں مین جا کر پوجا کرتے ہیں لیکن کشمیری پنڈت گھروں میں ہی وٹک پوجا کا اہتمام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوجا میں مٹی کے برتن استعمال کئے جاتے ہیں جو خصوصی طور پر ہیرتھ کیلئے ہی بنائے جاتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وٹک پوجا میںخصوصی مسالحہ جات کا بھی استعمال ہوتا ہے جو صرف مخصوص دکانوں پر ہی دستیاب ہوتے ہیں۔ایک برتن مین اخروٹ رکھے جاتے ہیں جنہیں تین دن تک پانی مین رکھ کر ، ہیرتھ کے دوسرے روز مہمانوں میں بانٹ دیا جاتا ہے۔ہیرتھ کے دوسرے روز کشمیر میں سلام کا دن ہوتا ہے۔ اس روز مسلم برادری کے لوگ کشمیری پنڈتوں کے گھر جا کر مبارک باد دیتے ہیں جہاں انکے لئے خاص پکوان تیار کئے جاتے ہیں۔ ہیرتھ کے موقعہ پر مچھلی اور کشمیری ندرو پکانا لازمی ہوتا ہے۔ہیرتھ کے موقعہ پر شادی شدہ لڑکیوں کو خصوصی طور پر میکے بلا یا جاتا ہے جہاں انہیں نمک اور کانگڑی کے علاوہ پوجا میں رکھے گئے اخروٹ لازمی طور پر دیئے جاتے ہیں۔ادھر وادی کے کئی مندروں میں غیر ریاستی شہریوں نے پوجا پاٹ کیا اور دیئے جلا کر تقریب میں شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران کی عوام کو مبارکباد
نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر ان فاروق خان ، راجیو رائے بھٹناگر اور بصیر احمد خان نے جموںوکشمیر کے عوام کو مہاشو راتری، جو کہ وادی کشمیر میں ہیرت کے طور پر منائی جاتی ہے کے مبارک موقعہ پر مبارک باد پیش کی۔اَپنے تہنیتی پیغامات میں مشیر ان نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مبارک دِن جموںوکشمیر کو اَمن و ترقی کے ایک نئے دور میںداخل کرے گا اور عوام کے مابین بھائی چارے کے رشتے کو مستحکم بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہاشو راترے کا تہوار مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا حامل ہے اور یہ دِن سبھی مناتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی کشمیر میں ہیرت کشمیری ہندو اور مسلمان باہمی اخوت کے ساتھ مناتے ہیں۔