گول//سب ڈویژن گول کا علاقہ مہا کنڈ پنچایت کے بہت سارے علاقے اس انتظار میں ہے کہ 15برسوں سے زیر تعمیر سڑک مکمل ہولیکن انتظار ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جامع مسجد کے نزدیک رہائشی مکان کی وجہ سے سڑک آگے نہیں تعمیر ہو پا رہی ہے۔ اگر چہ یہاں پر گول انتظامیہ و پولیس کئی مرتبہ آئی جنہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ جلد اس پر تعمیری کام شروع کیا جائیگا لیکن آج 15برس ہو چکے ہیں آج کل کرتے ہوئے اور آج اکیسویں صدی میں بھی سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص علاقے میں بیمار ہوتا ہے تو اُسے پالکی کے ذریعے پرانے زمانے کی طرح ہسپتال تک لے جانا پڑتا ہے جس وجہ سے علاقے کے لوگ کافی پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سرکار نے بی ڈی سی ،ڈی ڈی سی چنائو کرائے اور لوگوں کی اُمید جاگی کہ اب یہ نمائندے ضرور علاقے میں اس مسئلے کی طرف توجہ دیں گے ۔ انہوں نے ڈی ڈی سی ممبر و چیئر مین ضلع رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد علاقہ میں اس سڑک کو تعمیر کر کے علاقہ کے لوگوں کا خواب پوراکریں۔