عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن مڑواہ علاقہ کی عوام نے سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر پر علاقے میں بنیادی سہولیات کے فقدان کو لیکر احتجاج کیا۔ احتجاج کررہے لوگوں نے بتایا کہ وہ انتظامیہ کے خلاف نہیں لیکن علاقے میں بجلی ،پانی ،سڑک و مواصلاتی نے ہونے کے سبب احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ چار سال سے انہیں دلاسہ دیاجارہا ہے کہ علاقے میں بہتر مواصلاتی سہولیات ہونگی لیکن اج تک یہ ممکن نہ ہوسکا۔انہوںنے کہا کہ کہ علاقے کو مکمل طور نظر انداز کیا گیا ہے ،یہاں کا نوجوان کس طرح شہر کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرپائے گا جبکہ اسے مواصلاتی نظام کے بارے میں عمل ہی نہ ہو۔انہوںنے مزید کہا کہ آج بھی علاقے میں بجلی نہیں ہے،علاقہ محض چھ ماہ تک سڑک رابطے سے جڑا رہتا ہے جسکے بعد یہ راستہ بند رہتا ہے اوریوںعوام آج بھی قدیم انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے جبکہ یہاں کے سیاست دان بڑے محلوں میں آرام فرمارہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ وہ سرکار سے فوری طور علاقے میں بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ نوجوان یاسین احمد نے بتایا کہ انکا سوال وزیر عظم سے ہے کہ ہم کیا اس ملک کا حصہ نہیں ہیں اور اگر ہیںتو ہمارے ساتھ اسطرح سوتیلی ماں کا سلوک کیوں ہورہا ہے؟،ہمیں بھی بنیادی سہولیات کا حق ہے، آج بھی ہم ایک فون کال کرنے کیلئے ترستے ہیں،ہماری انتظامیہ سے مانگ ہے کہ ہمیں فوری طور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوںنے کہا کہ اس علاقہ میں منصوبہ بند سازش کے تحت خدمات کو غیر معیاری رکھا جارہا ہے ۔انہوںنے سرکار سے اپیل کی کہ علاقے میں بنیادی سہولیات کو شروع کیا جائے تاکہ اس علاقے کے لوگ بھی ا ن سبھی خدمات کو حاصل کرسکیںاور انھیں اسکا فائیدہ مل سکے۔