عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//میرواعظ کشمیرمولوی محمد عمرفاروق نے اتوار کو نئی دہلی میں جمیتہ علماء ہندکے صدرمولاناسیدمحمودمدنی سے ملاقات کی۔ میرواعظ کے ہمراہ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے سربراہ اور بزرگ عالم دین مولانا رحمت اللہ میر القاسمی بھی تھے۔میٹنگ کے دوران، رہنمائوں نے مجوزہ وقف ترمیمی بل کے اثرات اور وقف املاک کی خود مختاری اور انتظام پر اس کے ممکنہ اثرات سے متعلق خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وقف اداروں اور مسلم کمیونٹی کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ میرواعظ نے مولانا مدنی کو جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔واضح رہے کہ میر واعظ ہندوستان کے دیگر سرکردہ مذہبی اور سیاسی رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ انہیں مجوزہ بل سے متعلق مسلم کمیونٹی کے خدشات اور جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے۔