منڈی//منڈی میں موئے مقدس کا دیدار کروایاگیا جس دوران بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کرکے لبیک یا رسول اللہ ؐ کے نعرے لگائے ۔ مولانا سید شاہد حسین بخاری خطیب و امام جامعہ مسجد اعلی پیر منڈی نبیِ پاک ؐکا موئے مقدس لے کر پہنچے جس کا چنڈک،ساتھرہ،چکترو،پونچھ ،منڈی ،لورن،ساؤجیاں و دیگر علاقوں کے فرزندان توحید نے والہانہ استقبال کیا-تمام علاقوں کے لوگ منڈی سے کلائی تک گاڑیوں کی قطار لے کر جلوس کی شکل میں پہنچے جہاں علماء کلائی پہنچنے پر استقبال کیا گیا اور اس موقعہ پر لبیک یا رسول اللہ ؐ کے نعرے بلند کئے گئے ۔یہاںسے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اعلیٰ پیر منڈی تک نعت خوانی اور نعروں سے صدائیں بلند کرتے ہوئے پہنچے اور جب موئے مقدس اعلیٰ پیر پہنچایا گیا تو اس وقت کا منظر دیکھ کر لوگ جذبات پر قابو نا پاسکے اور سبھی کی آنکھیں نم تھیں۔جامعہ مسجد میں پہنچ کر صدر اراکین کمیٹی مولانا مفتی الطاف حسین رضوی،مولانا سخی محمد خان،مولانا ریاض احمد اور سید شاہد حسین بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش بختی ہے اہلیان منڈی پونچھ کی کہ نبیِ آخر زماں محمد ؐ کا موئے مقدس نصیب ہو پایا جسکا وہ ہر سال دیدار کرتے رہیںگے۔ شاہد حسین بخاری نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں گزشتہ کئی برسوں سے کوشش میں لگے تھے کہ موئے مقدس کو منڈی لایا جائے اور آج وہ اس کوشش میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موئے مقدس انہیں مولانا عبدالستار ہمدانی بانی مرکز اہلسنت برکات رضا پوربندر اور صدر دارالعلوم غوث اعظم پوربندر گجرات انڈیا سے معہ سندِ موصول ہواہے ۔اس موقعہ پر پونچھ پولیس کی طرف سے ڈی وائی ایس پی شاہد نعیم اور ایس ایچ او منڈی معراج دین خان کی سربراہی میں مناسب حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔راستے میں آتے ہوئے لوگوں نے فرزندان توحید کے لئے تبرک کا بھی اہتمام کیاہواتھا-مولانا طاہر رضا،شمیم گنائی،حمید نباض،اکرم خان، نائب صدر کمیٹی امیر دین خان،عادل بھٹ ،افتخار رضا ،منظور شیخ ودیگر اراکین کمیٹی جلوس کے ساتھ ساتھ رہے ۔آخر پر صدر کمیٹی الطاف حسین و صدر یوتھ غلامان مصطفی ایم پٹھان نے پولیس ودیگر لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔