عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقے راجپورہ اور ملحقہ جنگلی علاقے میں بدھ کے روز ایک پاگل کتے نے دہشت پھیلا دی، جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد تمام زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق دو بچوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ ریفر کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں اور انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا تھا، مگر اس کے باوجود نہ تو کوئی مؤثر اقدام اٹھایا گیا اور نہ ہی آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا گیا۔ شہریوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا روزانہ ٹیوشن کے لئے نکلنا اب خطرے سے خالی نہیں رہا، جس سے ان کی تعلیم بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے آوارہ اور پاگل کتوں کی نشاندہی کر کے انہیں قابو میں کرے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو آئندہ کسی بڑے حادثے کا اندیشہ ہے۔زخمی ہونے والوں کی شناخت گلشن بی (40)، دانش علی (13)، آمد علی (6)، نعیمہ (5) ساکنانِ راجپورہ اور محمد لطیف (45) ساکن بائیلہ منڈی کے طور پر ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت فی الحال بہتر ہے اور انہیں ضروری طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے تاکہ عوام کو مزید خوف سے نجات مل سکے۔