منڈی// منگل کی صبح منڈی کے اعلیٰ پیر بازار سے ملحقہ قاسمی مارکیٹ میں آگ کی وارات پیش آئی جس کی وجہ سے دکان میں لاکھوں روپے کا سامان دکان سمیت راکھ بن گیا۔یہ دکان غلام محمد ماگرے کی ہے جس میں اچانک آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے سب کچھ تباہ کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق منگل کی صبح 6 بجے کے قریب دکان میں آگ نمودار ہوئی جس کو دیکھ کر اطراف و اکناف کے لوگ دوڑ کر موقعہ پر پہنچے لیکن تب تک آگ بھڑک چکی تھی اورفائر سروس کی گاڑی پہنچنے سے قبل ہی سب کچھ تباہ ہوچکاتھا۔آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے ۔ اس سے قبل بھی دو دکانیں منڈی کے اسی بازار میں میں بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث جل گئی تھیں۔متاثرہ دکاندارغلام محمد کاکہناہے کہ بنک سے قرض لیکر ہول سیل کریانہ کی دکان ڈالی مگر آگ نے آناًفاناًسب کچھ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کی لا پرواہی سے اس سے پہلے بھی منڈی مارکیٹ میں دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، رات کے وقت بجلی کی وولٹیج زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے آگ لگ جاتی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس درج ہواہے ۔