عشرت حسین بٹ
منڈی // ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقے ساوجیاں کو جانے والی پندرہ کلومیٹر طویل سڑک کی حالت ابتر ہوچکی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سڑک پر سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ بیس منٹ کا سفر اب انہیں ایک سے دو گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔منڈی مندر تا ساوجیاں بس اڈہ تک سڑک کی حالت اتنی خراب ہوچکی ہے کہ یہ مسافروں اور ڈرائیوروں کے لئے درد سر بن چکی ہے۔ سڑک پر معمول کے مطابق سفر کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے اس سڑک کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی اور مسلسل کھڈوں اور ٹوٹ پھوٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں کے مطابق، اس سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے گاڑیوں میں سفر کرتے وقت اتنا وقت لگتا ہے جتنا وقت وہ پیدل ساوجیاں یا منڈی جانے میں لگاتے ہیں۔مقامی لوگ اور مسافر اس سڑک کی حالت کے حوالے سے حکام کو کئی بار آگاہ کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود حکام کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ ایک مقامی ڈرائیور نے بتایا کہ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے ان کی نئی گاڑیاں بوسیدہ ہو چکی ہیں اور متعدد ڈرائیور ایسے ہیں جنہوں نے بنک سے قرضہ لے کر گاڑیاں خریدی تھیں، اب وہ گاڑیاں کباڑ میں تبدیل ہو رہی ہیں۔مسافروں اور ڈرائیوروں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور عمر سرکار سے اپیل کی ہے کہ اس اہم سڑک کی تعمیر کی جائے اور اس پر تارکول بچھایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفر کی سہولت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی فوری مرمت کی جانی چاہیے تاکہ نہ صرف گاڑیاں محفوظ سفر کر سکیں بلکہ عوام کا سفر بھی آسان ہو سکے۔