محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی اہم رابطہ شاہراہ منڈی–لورن سڑک بدترین خستہ حالی کاشکار ہو چکی ہے، جس پر مقامی شہریوں نے متعلقہ محکمہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری توجہ اور مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کے مطابق یہ تقریباً 10 کلومیٹر طویل سڑک، جو پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے زیرِ نگرانی ہے، عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے مگر انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سڑک کی سطح جگہ جگہ سے اکھڑ چکی ہے اور بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں، جن میں بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے۔ نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے، یہاں تک کہ بعض مقامات پر پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ اس سڑک سے روزانہ سینکڑوں گاڑیاں گزرتی ہیں، مگر خستہ حالت کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
ایک مقامی شہری نے بتایا کہ کئی افراد نے بینکوں سے قرض لے کر گاڑیاں خریدی ہیں، مگر سڑک کی خراب حالت کے باعث ان گاڑیوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے۔ ‘‘ہمیں بار بار مرمت پر اخراجات کرنے پڑتے ہیں، جس کی وجہ سے قرض کی قسطیں ادا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے،’’ انہوں نے کہا۔ شہریوں نے اس صورتحال کو معاشی بوجھ قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔مزید برآں، شہریوں نے اس امر پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ ضلع کے دیگر علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کا کام جاری ہے، مگر لورن جیسے اہم اور خوبصورت سیاحتی مقام کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سڑک نہ صرف مقامی آبادی کے لیے اہم ہے بلکہ مذہبی اور سیاحتی اعتبار سے بھی بڑی اہمیت رکھتی ہے۔سڑک کے ایک جانب تاریخی و مذہبی اہمیت کا حامل مقام بڈھا امرناتھ مندر واقع ہے، جبکہ دوسری جانب سائیں الہی بخش رحمت اللہ علیہ کی زیارت گاہ موجود ہے، جہاں سالانہ ہزاروں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ زائرین اور سیاحوں کو سفر کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے علاقے کی سیاحتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔شہریوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت اس دیرینہ مسئلے کا نوٹس لے کر سڑک کی فوری مرمت کو یقینی بنائے گی، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور علاقے کی ترقی کی راہ ہموار ہو۔