اودہمپور// ریاست میں تیزی سے منشیات کی وبا پھیلنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این جی او ڈوگرہ کرانتی دل کے سرپرست اعلیٰ و سابقہ ایم ایل اے و جے کے این پی پی کے ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ نے منشیات کی بدعت کے خلاف 7ویں میراتھن دوڑ کا اہتمام کیا ۔دوڑ رتی پنچایت سے شروع ہو کر بارٹا میں اختتام پذیر ہوئی ،جس میں تقریباً300 نوجوانوںنے شرکت کی۔میراتھن میں DKDکے صدرسرجیت سنگھ بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر پنے خطاب میں منکوٹیہ نے کہا کہ انکا اولین مقصد اودہمپور کو منشیات سے پاک بنانا ہے،جس کے لئے ہم ایسے میراتھن اور سپورٹس پروگرام منعقد کرکے زمینی سطح پر کام کرتے ہیں۔منکوٹیہ نے پولسی انتظامیہ کے کاوشوں کی بھی سراہنا کی ،جس نے حال ہی میں اودہمپور سے 8 کلو گرام ہیروئن برآمد کیا ۔انہوں نے گذشتہ تین برسوں سے ’’چٹا ‘‘ نمای منشیات کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا،جس کی وجہ سے اودہمپور میںکئی نوجوان اپنی زندگی کھو گئے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کے لئے ایک سپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے اور دیگر سپورٹس ائیٹمز تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو منشیات کا عادی بنانے کیلئے یہ ہمسایہ ملک کی سازش ہے ۔انہوں نے تمام سیاسی و غیر سیاسی جماعتوں سے شہر کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے آگے آنے کو کہا۔انہوںنے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً ایسے پروگرام منعقد کرنے سے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے میں مدد ملے گی۔منکوٹیہ نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ روز قبل گھر گھر جاکر منشیات کے خلاف جانکاری دی ۔بعد ازاں منکوٹیہ نے میراتھن کے تین فاتحین کو انعامات سے سرفراز کیا۔5100 روپیکا پہلا انعام راجیش سنگھ ،3100 روپے کا دوسرا انعام سنیل شرما اور 2100 روپے کا تیسرا انعام مہندر کمار کو عطا کیا گیا ۔ اس موقعہ پر سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگ بشمول سرپنچ و پنچ بھی شامل تھے۔