عظمیٰ نیوز سروس
بانہال// نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے مسلسل بارشوں سے متاثرہ بانہال اور تحصیل کھڑی کے مختلف علاقوں کا دو روزہ دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو فوری امدادی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اپنے دورے کے دوران سجاد شاہین نے تحصیل سطح کے محکمہ مال کے افسران اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گنڈ ، ٹھٹھاڑ ، تکیہ، درشی پورہ اور بنکوٹ سمیت مختلف دیہات کا دورہ کیا۔ انہوں نے بارشوں کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور بارشوں سے مکانات، مکئی کی فصلوں اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔بنکوٹ میں ایم ایل اے نے عبدالمجمید وگے کے مکان کا معائنہ کیا جو شدید بارشوں کے باعث بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے متاثرہ خاندان کو جلد از جلد معاوضہ اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔سجاد شاہین نے کہا کہ بانہال اور تحصیل کھڑی کے متعدد علاقوں میں رہائشی مکانات اور مکئی کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ تمام متاثرہ علاقوں کا مقررہ مدت میں مکمل سروے کیا جائے اور ہر مستحق خاندان کو بروقت معاوضہ اور امداد فراہم کی جائے۔انہوں نے محکمہ مال کو ہدایت دی کہ بارش سے متاثرہ تمام دیہات میں خصوصی ٹیمیں بھیج کر مکانات، فصلوں اور دیگر املاک کے نقصانات کا اندراج کیا جائے تاکہ معاوضے کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے۔بعد ازاں ایم ایل اے نے تحصیل کھڑی کے منڈکباس علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑک کا بھی معائنہ کیا، جہاں سڑک کا ایک بڑا حصہ بہہ جانے کے باعث اہمہ، کاونہ، باوا، ترگام، مہو، منگت، بجناڑی، آڑ مرگ، ہجوا، بزلہ، آکھرن اور ملحقہ علاقوں کا رابطہ شدید متاثر ہوا ہے۔سجاد شاہین نے اس موقع پر محکمہ آر اینڈ بی کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ منڈکباس میں ایک پل کی تعمیر کے لیے فوری طور پر تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کی جائے تاکہ اس حساس مقام پر بار بار ٹریفک کی بندش کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ایم ایل اے نے کہا کہ بانہال ، کھڑی اور پورے بانہال۔گول حلقہ انتخاب کے عوام کی حفاظت اور فلاح ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ متاثرہ خاندانوں کی بروقت امداد، بحالی اور مناسب معاوضے کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔