ملٹی پرپزہیلتھ ورکروں کااحتجاج جاری

 جموں// محکمہ صحت میں مستقل بنیادپر تعینات ملٹی پرپز ورکرس (ایم پی ڈبلیو) عرصہ دراز سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔اس سلسلہ میں ملازموں کی جانب کام چھوڑ ہڑتال شروع کی گئی ہے جو منگلوارکے ر وز بھی جاری رہی ۔ان ورکروں کے مطابق وہ پچھلے کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور اس وجہ سے ان کے معمولات زندگی بالکل متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ احتجاج کے دوران انہوںنے کہاکہ یہ پہلی بار نہیں کہ انہیں اتنے ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے بلکہ اس سے قبل بھی محکمہ ان کو کئی کئی ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھ کر ان کے لئے پریشانی کھڑی کرتا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ اپنا کام پوری لگن اور ایمانداری سے انجام دیتے ہیںلیکن اس کے عوض ان کی تنخواہیں ہی روک دی جاتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ ملازموں کا سارا دارو مدار ان کی ماہوار تنخواہوں پر ہوتا ہے اور جب ان کی یہ تنخواہیں روک دی جاتی ہیں تو ان کے گھروں کا سارا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے،یہاں تک کہ چولہے بھی نہیں جل پاتے ۔انہوں نے ریاستی سرکار خصوصی طور پر وزیر صحت سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کے ایم پی ڈبلیو ملازموں کی بقایا جات واگذار کریں اوراس بات کو یقینی بنایاجائے کہ مستقبل میں کبھی انہیں تنخواہوں کیلئے پریشان نہ ہوناپڑے ۔