راجوری +سرنکوٹ //خطہ پیر پنچال کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے باعث مغل شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہوکر رہ گئی ہے جبکہ درہال میں چٹانیں کھسکنے کے دوران آکر ایک کمسن بچی لقمہ اجل بن گئی ۔خطہ کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ نچلے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہورہی ہیں اور موسم میں آئی اس اچانک تبدیلی سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہواہے ۔اس دوران مغل شاہراہ پر برفباری ہونے کی وجہ سے شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیاہے ۔ڈی وائی ایس پی سرنکوٹ ریاض احمد نے بتایاکہ گزشتہ روز بھی برفباری ہوئی جس کے بعد مشینری لگاکر اسے ہٹاکر گاڑیاں روانہ کی گئیں اور اب موسم کو خراب دیکھتے ہوئے رات کے وقت گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ۔ انہوںنے بتایاکہ صبح ٹریفک کے چلنے کا انحصار موسم پر ہے ۔دریں اثناءدرہال میں چٹانیں کھسکنے کے دوران ایک نو سالہ لڑکی لقمہ اجل بن گئی جس کی شناخت نورین بیگم دختر محمد شوکت ساکن مدون درہال کے طور پر ہوئی ہے ۔