مرمت کاکام بہت جلد مکمل کیاجائے گا:ایگزیکٹو انجینئر
سرنکوٹ //ریاستی گورنر این این ووہرا کی طرف سے مغل شاہراہ کے رکھ رکھائو میں پچھلے تین سال کے دوران خرچ ہونے والی رقم کا آڈٹ کروانے،مسافروں کی زندگی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اس کا جامع سیفٹی آڈٹ کروانے ، سڑک پر پانچ بیت الخلاء اور مسافر شیڈ تعمیر کرنے و پیر گلی میں واقع زیارت کے ساتھ لنگر عمارت کی مرمت کرنے کی ہدایات کا خطہ پیر پنچال کے عوام نے خیر مقدم کیاہے ۔خطہ کے لوگوں کا کہناہے کہ یہ شاہراہ ان کیلئے خاصی اہمیت کی حامل ہے جس کے نام پر حکومتوں نے ووٹ تو بٹورے مگر اس کی طرف توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجہ میں کئی مقامات سے یہ سڑک پوری طرح سے تباہ ہوچکی ہے اور اس پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں جن کی مرمت نہیں کی جارہی ۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے سرنکوٹ کے بابر خان کاکہناہے کہ خطہ پیر پنچال کی ترقی کیلئے یہ روڈ سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس پر آج تک بہت کم توجہ دی گئی ہے اور خالی اسے قومی شاہراہ کا درجہ دے کر اس پر ٹنل تعمیر کرنے کے خواب دکھائے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی معنوں میں مغل شاہراہ حکام کی عدم توجہی کاشکار رہی لیکن بھلا ہو ریاستی گورنر کا جنہوں نے اس پر سفر کیا جس سے انہیں حقیقت کا پتہ چلا اور اس روڈ کی اصل حالت ان کے سامنے آئی ۔انہوںنے کہاکہ گورنر نے روڈ کی حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کی ہیں جن پر عمل درآمدہوناچاہئے جو یہاں کے لوگوں کی بھی منشا ہے ۔انہوںنے کہاکہ انہیں امید ہے کہ گورنر کی ہدایات پر فوری عمل درآمد ہوگا اور جہاں اس روڈ کا آڈٹ ہوگا وہیں مرمت کرکے اسے آمدورفت کے قابل بنایاجائے گا۔بفلیاز کے تیمور خان نے بتایاکہ بفلیاز سے لیکر پیر گلی تک کا حصہ تباہ ہوگیاہے جس کی مرمت نہیں کی جارہی اور انہیں خوشی ہے کہ گورنر نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ ایک بہترین متبادل روڈ ہے جس کو عدم توجہی کاشکار نہیں بنایاجاسکتا اور ا ب انہیں گورنر انتظامیہ سے پوری امیدیں ہیں کہ وہ راجوری پونچھ کے عوام کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے نہ صرف اس کے دیکھ ریکھ کے نظام میں سدھار لائیں گے بلکہ اسے قومی شاہراہ کادرجہ دے کر ٹنل کی تعمیر بھی کی جائے گی جس کے نام پر آج تک سیاسی جماعتیں ووٹ بٹورتی رہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس روڈ کی فوری مرمت کی ضرورت ہے جس کیلئے متعلقہ حکام کو ماضی کی طرح غیر سنجیدگی سے کام نہیں لیناہوگا۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر مغل روڈ نے بتایاکہ گورنر نے ہدایات دی ہیں کہ جلد سے جلد روڈ کی مرمت کی جائے اور نالیوں کو ٹھیک کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ مرمت کاکام ایک ہفتے سے ہی جاری ہے جس دوران کھڈے بھرے جارہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے پوری سڑک پر تو نالیاں نہیں بن سکیں گی لیکن ان مقامات پر نالیاں تعمیر کی جائیں گی جہاں پسیوں کے گرآنے کا خطرہ رہتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر موسم ٹھیک رہاتو مرمت کاکام جلد مکمل کرلیاجائے گا۔