عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے کٹھوعہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی کو روکنے میں مبینہ ناکامی کی وجہ سے ایک ملازم کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تفصیلی تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جسے گزشتہ ماہ معطل کر دیا گیا تھا۔ایک عہدیدار نے کہا کہ کٹھوعہ کے اس وقت کے ضلع معدنیات کے افسر نوین کمار کے طرز عمل کی انکوائری ایک ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی۔ عہدیداروں نے محکمہ صنعت و تجارت کے کمشنر سکریٹری وکرم جیت سنگھ کے ذریعہ جاری کردہ ایک حکم کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ کمار کو 3 دسمبر کو ان کے اعمال کی تحقیقات کے لیے فوری اثر سے معطل کیا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ محکمہ کان کنی کی سپیشل سیکریٹری نرگس سوریا، مائننگ ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر فنانس، ریاض حسیناور ارضیات اور کان کنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر (جموں) راج کمار کو انکوائری کمیٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ ٹھوس سفارشات کے ساتھ حکومت کو پیش کریں۔