سرینگر//وادی کے ایک معروف صحافی اورروز نامہ سرینگر نیوز سے وابستہ گلزار احمد انتقال کر گئے ہیں ۔صحافی برادری نے انکی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔سینئر صحافی اور سرینگر نیوز کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر گلزار احمد بٹ منگل کو اپنے گھر واقع شولی پورہ بڈگام میں انتقال کر گئے۔ وہ70برس کے تھے اور طویل عرصہ سے علیل تھے۔ مرحوم گذشتہ تین برس سے بستر علالت پر تھے اور انہوں نے منگل کو آخری سانس لی۔صحافتی حلقوں میں گلزار احمد کو ایک شریف النفس انسان کے طور جانا جاتا تھا۔ مرحوم کے وفات پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ خاص کر صحافی برادی نے دکھ کا اظہار کر کے ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی ہے ۔کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے انکی وفات پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری صحافی برادری نے ایک بہترین دوست کو کھو دیا ہے جس نے ہمیشہ اپنی خوش اخلاقی اور ہنسی مذاق سے اپنے ساتھیوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائی۔