نئی دہلی //اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کو لے کر بھلے ہی ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے، اور اس میں سات آٹھ مہینے باقی ہیں، لیکن چھوٹی بڑی سبھی سیاسی پارٹیوں نے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔کانگریس نے بھی ’مشن یو پی‘ کا باضابطہ آغاز کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں یو پی کانگریس انچارج پرینکا گاندھی لکھنو پہنچنے والی ہیں جہاں وہ کم و بیش پانچ دن قیام کریں گی اور اسمبلی الیکشن کو لے کر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ویسے تو پرینکا گاندھی کی قیادت میں یو پی اسمبلی انتخابات کی تیاریاں کانگریس نے بہت پہلے سے ہی شروع کر رکھی ہے، لیکن جولائی سے اس مہم کو سمت و رفتار عطا کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ لکھنو میں قیام کے دوران پرینکا گاندھی تنظیمی سطح پر کئی میٹنگیں کرنے والی ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو معلوم ہے کہ یوپی میں کانگریس کے لیے پہلے والا وقار حاصل کرنا آسان نہیں ہے، اس لیے وہ یو پی میں رہ کر ہی پارٹی کو قوت عطا کرنے کے لیے جدوجہد کریں گی۔