شوگہ پورہ میں 18برس کے لڑکے نے خودکشی کی
ارشاداحمد
بڈگام//بڈگام کے علاقہ شوگہ پورہ میں 18 سالہ لڑکے نے زہریلی شئے کھاکر زندگی کا خاتمہ کردیا۔پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو ایک اٹھارہ سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر کچھ زہریلی شئے کھا کر خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ نوجوان کی شناخت دانش احمد کمہار ولد فاروق احمد کمہار ساکنہ شوگہ پورہ کے نام سے ہوئی ہے جس نے گھر پر موجود کیڑے مار زہریلی شئے کھاکر خودکشی کرلی۔اس موقع پر اسے فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیکر اس سلسلے میں مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
ملنگام بانڈی پورہ میں آوارہ کتے نے 6 افرادکو کاٹ کھایا
سری نگر// بانڈی پورہ میں ایک آوارہ کتے نے6افراد کو کاٹ کھایا ہے جن کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔کے این ایس کے مطابق شمالی ضلع بانڈی پورہ کے ملنگام گاوں میں بدھ کے روز ایک آوارہ کتے نے6 افرادپر حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا، جنہیں فوری طور علاج معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کتا اچانک یہاں نمودار ہوا اورگائوں میں آناً فاناً لوگوں پر ٹوٹ پڑا ۔واقعے کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جس کی وجہ سے علاقے میں بچے اور خواتین گھروں میں محصور ہوئے ۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ بانڈی پورہ اسپتال ڈاکٹر بشیر احمد کے مطابق مذکورہ چھ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے علاوہ اینٹی ریبیز ویکسین دی گئی۔
پی ڈی پی صدردفترہفتے میں تین دن کھلارہے گا
سرینگر//کوروناوائرس کے معاملوں میں اُچھال کے پیش نظر پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کا دفتر ہفتے میں صرف تین دن کھلا رہے گا۔اس بات کا اعلان پارٹی کے ریاستی سیکریٹری عبدالحمید کوہشین نے محبوبہ مفتی کی ہدایات پرکیا۔ایک بیان کے مطابق پارٹی کاصدردفتر سوموار،جمعرات اورسنیچروار کو کھلا رہے گا اور ہفتے کے باقی ایام پارٹی صدردفتر بندہوگا۔پارٹی نے اپنے کارکنوں سے کووِڈ- 19سے بچائوکیلئے جاری تمام رہنماخطوط پر من وعن سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
چین کاحقیقی کنٹرول لائن پر امن بنائے رکھنے کاعزم | تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے بھارت سے تعاون کی اُمید
بیجنگ//چین نے کہا ہے کہ وہ حقیقی کنٹرول لائن پرامن کو بنائے رکھنے پر پرعزم ہے اور بھارت پرزوردیا ہے کہ وہ سرحدی معاملے کو مناسب پوزیشن پر رکھے اورپائیدارباہمی تعلقات کیلئے چین کے ساتھ تعاون کریں۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے اس بات کااظہار ذرائع ابلاغ کی طرف سے یہ پوچھے جانے پر کہ بھارت کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ سرحدوں پرامن بنائے رکھنے کیلئے رہنمائوں نے اتفاق کیا ہے ۔چین میںبھارت کے سفیر وکرم مصری نے ہندچین ڈائیلاگ فورم سے حالیہ خطاب میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کے رہنمائوں کے درمیان سرحدوں پر امن بنائے رکھنے پر ہوئے اتفاق کو چھپایا نہیں جاسکتا اورانہوں نے مشرقی لداخ سے فوجوں کی مکمل واپسی پرزوردیاتھا تاکہ باہمی تعلقات جو شدیدواقعات کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے،کوبحال کیا جاسکے۔مصری نے چینی حکام کی طرف سے دونوں اطراف کے رہنمائوں کے درمیان پائے گئے اتفاق کو نظر انداز کرنے پربھی سوال اُٹھایا تھا۔وانگ نے اس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ دونوں اطراف نے گہرائی کے ساتھ معاملات پرتبادلہ خیال کیاتاکہ مشرقی لداخ کے باقی ماندہ علاقوں سے فوجوں کو واپس بلایا جائے۔دونوں ملکوں کے اعلی فوجی کمانڈروں نے 9اپریل کوبات چیت کے11ویں دور میں گرم چشموں،گوگرا اور دیسپانگ سے فوجوں کو واپس بلانے پرتبادلہ خیال کیا۔وانگ نے کہا کہ سرحدی معاملوں پر چین کی پوزیشن واضح اور صاف ہے ۔ہم حقیقی کنٹرول لائن پرامن کو بنائے رکھنے میں پرعزم ہیں اورقومی سلامتی اور تحفظ پرکاربند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چین اور بھارت نے سفارتی اور فوجی ذرائع سے قریبی رابطہ بنائے رکھا۔گلوان وادی اور پینگانگ جھیل سے فوجوں کی واپسی کے بعد دونوں اطراف نے باقی ماندہ مشرقی لداخ کے علاقوں سے فوجوں کی واپسی پرخلوص اور گہرائی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہمیں امید ہے کہ بھارت چین کے ساتھ تعاون کرے گا اور ہندچین تعلقات کے دوررس بہتری کیلئے باہمی مذاکرات میں سرحدی معاملات کو مناسب طور اُٹھائے گااور ہند چین تعلقات کو واپس پٹری پر لائے گا۔
کھاگ میں رمضان فوڈ کٹ تقسیم کئے | علاقے میںخواتین ہیلپ ڈیسک قائم
سرینگر//غریب اور نادار لوگوں تک پہنچنے کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے بڈگام پولیس نے ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں 30کنبوںمیںواٹر پیورفائر اور رمضان فوڈ کٹس تقسیم کئے۔تقسیم کی تقریب پر ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی بڈگام اورایس ڈی پی او ماگام اور دیگر اعلی افسران شامل تھے۔ کھاگ کے دائرہ اختیار میں آنے والے 30بی پی ایل خاندانوں میں واٹر پیورفائر اور رمضان فوڈ کٹس تقسیم کئے گئے جس میںکھجور ، سیوئیاں، سوجی ، خشک میوہ ،چاول ،کھانڈ ،سرسوں کا تیل، گندم اورآٹا وغیرہ شامل تھا۔اس موقع پر ایس ایس پی بڈگام نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس لوگوں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار ہے اور شرکا کو یقین دلایا کہ آئندہ دنوں میں اس طرح کے مزیدپروگرام انجام دیئے جائیں گے۔اس دوران سپرانٹنڈنٹ پولیس بڈگام نے کھاگ میں خواتین ہیلپ ڈیسک قائم کیا۔خواتین ہیلپ ڈیسک کے قیام کا بنیادی مقصد ان خواتین کے لئے ہے جو کہ اپنی شکایات کے ساتھ کسی تھانے جانے سے ہچکچاتی ہیں ان خواتین کے لئے مناسب توجہ اور مدد فراہم کرنا ہے۔یہ ہیلپ ڈیسک تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کی ضروریات پوری کرے گا ۔
سابق ممبر اسمبلی عید گاہ محمد شفیع خان فوت | نیشنل کانفرنس،عوامی مجلس عمل ،جمعیت ہمدانیہ کا اظہارِ رنج
سرینگر//وادی کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیت ، ممتاز تاجر اور سابق ممبر اسمبلی عید گاہ محمد شفیع خان ساکن نواب بازار حال قمرواری علالت کے بعد منگل اور بدھ کی درمیانی شب رحلت کرگئے۔ انہیں آج اپنے آبائی مقبرہ واقعہ نواب بازار میں سپرد خاک کیا گیا ۔ اس سے قبل قمر واری میں مرحوم کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں سماج کے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازے کی پیشوائی جامع مسجد سرینگر کے امام مفتی غلام رسول سامون نے انجام دی ۔یاد رہے محمد شفیع خان نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر حلقہ انتخاب عید گاہ سے منتخب ہوئے تھے۔ مرحوم بانی انجمن نصرتہ الاسلام اور ان اوقاف جامع مسجد کی بہتری کیلئے بھی سرگرم عمل رہے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی 23اپریل2021 بروز جمعتہ المبارک بعد نماز جمعہ آبائی مقبرہ نواب بازار سرینگر میں انجام دی جائیگی۔نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے محمد شفیع خان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، مبارک گل نے یہ خبر سنتے ہی مرحوم کے برادران اور فرزندان کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی ڈھارس بندھائی ۔ادھر عوامی مجلس عمل نے میرواعظ خاندان کے دیرینہ اور قریب ترین محب کے انتقال پر تنظیم کے ہنگامی ماتمی اجلاس میں مرحوم کی غیر معمولی ، طویل، بے لوث اور مخلصانہ سیاسی ، سماجی اور ملی خدمات کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔اجلاس میںمرحو م کی وفات کو تنظیمی، تحریکی اور مزاحمتی صف میں بھاری نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا گیا۔ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے محمد شفیع خان کی تنظیم کے قیام سے لیکر بانی تنظیم حضرت شہید ملت کی قیادت میں تنظیمی اور تحریکی خدمات کو دوسرے تنظیمی کارکنوں کیلئے ایک مثال قرار دیتے ہوئے ان کی وفات کو تنظیم کے علاوہ ایک ذاتی سانحہ قرار دیا۔ادھرجمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ہمدانی نے اس سانحہ ارتحال پر سوگوار کنبے سے تعزیت کی ۔
کپوارہ پولیس کی جانب سے مفت ماسک تقسیم
کپوارہ//کپواڑہ میں پولیس نے کوروناوائرس کے بچاو کیلئے لوگوں میںمفت ماسک تقسیم کئے۔ کووڈ 19وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ، کپوارہ پولیس نے ایک مہم چلائی اور متعلقہ ایس ایچ ائو کے ذریعہ تھانہ کرال پورہ کے دائرہ اختیار میں عام لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کیا۔اس مہم کا آغاز سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کپواڑہ کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔ علاقے کے لوگوں کو کوڈ 19ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا اور انہیں وائرس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر لوگوں سے درخواست کی گئی کہ کوروناوائرس کو سنجیدگی سے لیں اور ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
جمعیت ہمدانیہ اورحقانی ٹرسٹ کا علامہ اقبالؒکو خراج عقیدت
سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ نے حکیم الامت علامہ اقبالؒ کی برسی پر ایک آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیاجس میں نامور شخصیات اور اقبال شناس شخصیات نے شرکت کی۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے کانفرنس میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے علامہ کے عشق رسولؐ کے جذبے کو اپنانے کی تلقین کی۔کانفرنس کی صدارت ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی کارڈی نیٹر اقبال انسٹیچوٹ آف کلچر اینڈ فلاسفی کشمیر یونیورسیٹی نے کی جبکہ معروف سماجی شخصیت اور نامور اقبال شناس اعجاز احمد ککرو نے مہمان ذی وقار کے طور پر کانفرنس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی نے علامہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم ہستی ایک بلند پایہ شاعر ہونے کے علاوہ فلسفیانہ نظام کے حامل مجتہد اور مفکر تھے۔ انہوں نے علامہ کی امت مسلمہ کے تئیں زبوں حالی پر خون کے آنسو بہانے اور ان کے تحفظ اور احیائے نو کا رقت آمیز لہجے میں تذکرہ کیا۔جید عالم دین اور مصنف شکیل شفائی نے علامہ کوخراج پیش کرتے ہوئے انکے فلسفہ خودی اور نوجوانوں کے نام ان کے پیغام کی نشاندہی کی۔ جموں و کشمیر اردو کونسل کے سکریٹری اطلاعات جاوید کرمانی نے کہا کہ شاعر مشرق نے مسلمانوں سے تاکید کی کہ وہ اپنے اسلاف کی گرانقدر میراث سے متاثر ہوکر اپنے لئے نئی راہیں تلاش کرنے کی سعی کریں۔ نامور ٹریڈ یونین لیڈر اور شاہ ہمدان ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری مختار احمد تانترے اور سمیع اللہ بٹ ضلع صدر حقانی ٹرسٹ پلوامہ نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ادھرجمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے علامہ اقبالؒ کی برسی پر اُنہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کلام اقبال خود اعتمادی اور خدا اعتمادی پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کا دل خوف خدا اور عشق رسولؐ سے کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ مولانا نے اپنے پیغام میں کہا کہ شاعر مشرق نے اپنے کلام کے ذریعے اسلام کے عظیم خدمت انجام دی۔ادھر انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے علامہ اقبال ؒ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ عشق رسول ﷺ میں غوطہ زن تھے اور انہوں نے اپنے افکار سے امت مسلمہ کی راہمنائی کی ۔
گاندربل میںشعبہ صحت کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
گاندربل //محکمہ صحت گاندربل کی جانب سے ایک حکمنامے میں کہاگیا کہ ضلع گاندربل میں تعینات محکمہ صحت کے تمام ملازمین کیلئے تمام چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ کی گئیں ۔چیف میڈیکل افسرگاندربل کی جانب سے جاری ایک آرڈر زیرنمبر CMO/GBL/ IDSP/208-13 بتاریخ 21اپریل2021میں کہاگیا ہے کہ ضلع گاندربل میں کورونا معاملات میں اضافہ کے پیش نظرمحکمہ صحت کے تمام ملازمین سے کہاجاتاہے کہ تاحکم ثانی سبھی چھٹیاں بشمول اتوارمنسوخ کی جاتی ہیںاسلئے سبھی ملازمین ہردن ڈیوٹی پرحاضررہیں ۔حکمنامے میں کہا گیاہے کہ جوکوئی ملازم اس آرڈرکی خلاف ورزی کامرتکب ہوگا،اُس کے خلاف ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس آرڈرکی کاپی ڈائریکٹرہیلتھ سروسزکشمیر،ڈپٹی کمشنر گاندربل ،مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ،تمام اسپتالوں کے میڈیکل افسروں اورتمام بلاک میڈیکل افسروں کوبھی ارسال کی گئی ہے ۔
نیشنل کانفرنس اوراپنی پارٹی کاعبدالغنی ویری کو خراج عقیدت
اننت ناگعارف بلوچ//نیشنل کانفرنس کے سابق وزیر پیر عبدالغنی ویری کو چھٹی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔مرحوم کے آبائی علاقہ ویر بجبہاڑہ میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی سے وابستہ رہنماؤں و دیگر افراد نے مزار پر حاضری دے کر گلباری کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی سابق وزیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مرحوم نے ریاست کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے قابل قدر کام کیا۔پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ حسین مسعودی ،جنوبی زو ن صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویرے، الطاف کلو، عبدالمجید لارمی ،سید توقیراور رئیس خان کے علاوہ دیگر افراد نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ادھر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے سبھی دفتری عہدیداران کے ہمراہ بدھ کے روز قدر آوراوردور اندیش سیاسی رہنما عبدالغنی ویری کو چھٹی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ عبدالغنی ویری نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بھر پور استعمال کرنے پر زور دیا ہے اور وہ ہمیشہ زمینی سطح پر انتظامیہ سے جڑے رہے۔ بخاری نے کہا’’اُن کی شجاعت بے مثال ہے اور اُن کا ترقی کا نظریہ فائیدہ مندرہا ہے‘‘۔اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے کہاکہ عبدالغنی ویری صحیح معنوں میں ایک سچے رہنما تھے جن میں عاجزی بھی تھی اور انکساری بھی۔ عوامی شکایات کو حل کرنے میں انہوں نے ہمیشہ یکسانیت سے کام لیا، وہ ہمیشہ ہر ایک کے ساتھ جڑے رہتے تھے اور یہ اُن کی قائدانہ صلاحیت تھی کہ وہ کسی کے بہت قریب تھے۔بخاری نے اُمید ظاہر کی کہ عبدالغی شاہ ویری کے وارثین بھی زمینی سطح پر لوگوں کی اُسی وقار اورجذبے کے ساتھ خدمت کریں گے۔